لاپتہ شخص حبیب الرحمان کا کیس لاپتہ افراد کمیشن میں زیر سماعت ہے، ڈپٹی اٹارنی جنرل کا سپریم کورٹ میں بیان

منگل 29 اپریل 2014 14:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء) سپریم کورٹ کو بتایا گیاہے کہ لاپتہ شخص حبیب الرحمان کا کیس لاپتہ افراد کمیشن میں زیر سماعت ہے جبکہ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ کہ لاپتہ افراد کے لواحقین پر تشدد کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

منگل کو سپریم کورٹ میں لاپتہ حبیب الرحمان کیس کی سماعت جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کی، ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے بتایا کہ چھبیس ستمبر 2013 کو لاپتہ افراد کمیشن میں حبیب الرحمان کا کیس زیرغور آیا۔

جسٹس ناصرالملک نے کہا کہ درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں، سماعت ملتوی کرتے ہیں، سماعت کے بعد عدالت نے آمنہ مسعود جنجوعہ کو سننے سے انکار کردیا۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ مسعود نے کہا کہ مجھے لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن پر اعتماد نہیں،عدالت کا احترام کرتی ہوں،صرف عدالتوں سے ہی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومتی رویہ یہی رہا تو پاکستانی عوام انصاف کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔