سرتاج عزیز کی ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیرخارجہ جاوید ظریف سے ملاقات،ایران اور پاکستان کا مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے،انتہاء پسندی اور مذہبی فرقہ واریت کیخلاف مشترکہ مہم شروع کرنے اور تعلقات کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق ،ایران کا پاکستان کے ساتھ اقتصادی شعبے میں منصوبے شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار

پیر 28 اپریل 2014 23:46

تہران / اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) ایران اور پاکستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے،انتہاء پسندی اور مذہبی فرقہ واریت کیخلاف مشترکہ مہم شروع کرنے اور تعلقات کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا ہے ،ایران نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شعبے میں منصوبے شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیاہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ ماہ دورہ ایران سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہو گی اور پاک ایران برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے وزیراعظم کے مشیر خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے پیر کووزیراعظم نواز شریف کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق سرتاج عزیز نے ایرانی صدر کو نواز شریف کی جانب سے دوستی اور خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ۔ سرتاج عزیز کے ہمراہ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی تھی جو دو طرفہ سیاسی مشاورت کے سلسلہ میں تہران میں موجود ہیں ۔

سرتاج عزیز نے ایرانی صدر کو بتایا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کیلئے دوستی ، بھائی چارے ، ہم آہنگی اور تعاون کا پیغام لے کر آئے ہیں اور پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعاون بالخصوص سیاسی، شعبے ، سلامتی اور تجارتی شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنے کا خواہش مند ہے ۔ پاکستان کے مشیر خارجہ نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایک خط بھی ایرانی صدر کے حوالے کیا ۔

نواز شریف کا آئندہ ماہ ایران کا دورہ متوقع ہے ۔ ملاقات کے دوران سرتاج عزیز نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران کو خطے کے استحکام اور امت کے اتحاد کیلئے امن اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو صدر روحانی اور پاکستان کی نئی حکومت کے دور میں استحکام حاصل ہو گا۔ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ ایران کے منتظر ہیں جس سے تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کو ایک اہم ہمسایہ اور برادر ملک سمجھتا ہے ۔ ایران اور پاکستان کو دونوں ممالک اور عوام کے مفاد میں دستیاب مواقع کو بروئے کار لانا چاہئے ۔ قبل ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایران کے وزیرخارجہ جاوید ظریف سے ملاقات کی اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے ملاقات کے دوران دو طرف مفاد کے تمام امور زیر غور لائے گئے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ اور پاکستان کے مشیر خارجہ نے انتہاء پسندی اور مذہبی فرقہ واریت کیخلاف مشترکہ مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران کا ہمسایہ اور اہم دوست ہے انہوں نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی مذہبی اور ثقافتی حوالے سے پائی جانیوالی یکسانیت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا اہم عنصر ہے اس لئے سیاسی ، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بالخصوص سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جانا چاہئے ۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی منصوبے شروع کرنے کیلئے تیار ہے ۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی تعاون کا خواہاں ہے۔