ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں بجلی کی کمی پر قابو پانے کیلئے 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کریگا،اے ڈی بی اور حکومت پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، حکومت پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نرگس سیٹھی ، ایشیائی بینک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹرنے دستخط کئے ، قرض پروگرام پاکستان کوسستی بجلی کی کئی ملین صنعتی اور نجی صارفین کو بلا رکاوٹ فراہمی کی غرض سے کلیدی اصلاحات میں مدد فراہم کریگا،ورنر ای لیپیچ

پیر 28 اپریل 2014 19:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں بجلی کی کمی پر قابو پانے کیلئے 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کریگا۔ اس سلسلہ میں پیر کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومت پاکستان کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔ حکومت پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نرگس سیٹھی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی )کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ورنر ای لیپیچ نے دستخط کئے تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ قرض پروگرام پاکستان کوسستی بجلی کی کئی ملین صنعتی اور نجی صارفین کو بلا رکاوٹ فراہمی کی غرض سے کلیدی اصلاحات میں مدد فراہم کریگا جو کہ بجلی کی کئی کئی گھنٹے طویل بندش کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اس اہم معاونت سے شرح نمو میں بہتری ، کاروباری ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی جو کہ ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے اہم ہیں۔ تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اے ڈی بی کے گورنر بھی موجود تھے۔ پاکستان کی نیشنل پاور پالیسی 2013 ء کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے پروگرام کے ذریعے استعداد کے فروغ اور ادارہ جاتی استحکام پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ بجلی کی کمی میں تخفیف کی جا سکے جس کی وجہ سے ملک کو سالانہ جی ڈی بی کے دو فیصد کے مساوی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک جاپان اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر حکومت پاکستان کو بجلی کی اضافی فراہمی خسارے میں کمی اور پاور سیکٹر کی استعداد میں بہتری کے پانچ سالہ پروگرام کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے اس پروگرام کے تحت 2016 ء تک ٹیرف کو حالات کے مطابق ڈھالنا اور کم آمدنی والے صارفین کے سوا دیگر صارفین کیلئے سبسڈی کا خاتمہ کیا جائیگا۔ ورنر ای لیپیچ نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجہ میں شفافیت اور احتساب کے عمل میں بہتری آئیگی جس سے نجی شعبے کی طرف سے پاور سیکٹر میں کی جانیوالی سرمایہ کاری کے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں گے۔

جنوری 2018 ء تک مکمل ہونیوالے پروگرام کے ذریعے ایشیائی ترقیاتی بینک ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا جبکہ پہلے ذیلی پروگرام کیلئے چار کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی معاون سرمایہ کاری جاپان کی طرف سے جبکہ 60 کروڑ ڈالر عالمی بینک کی طرف سے متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :