ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا جائے ، آئی ایم ایف کا مطالبہ

پیر 28 اپریل 2014 16:35

ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا جائے ،  آئی ایم ایف کا مطالبہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اپریل 2014ء) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایک اصلاحاتی پروگرام کے حصہ کے طور پر ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ اور پینشن بل پر کنٹرول کرے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اخراجات کے اصلاحی پروگرام کے حصے کے طور پر آئی ایم ایف نے مشورہ دیا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا جاے اس لیے کہ زندگی کی شرح میں بہتری کی وجہ سے پنشن بل میں اضافہ ہورہا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہاکہ اس پنشن بل میں کمی لانے کیلئے یہی ایک راستہ ہے، جس کے ذریعے سینئر بیوروکریٹس کی مہارت کا بہتر استعمال کیا جاسکتا ہے۔سینئر بیوروکریسی کی جانب سے بھی ریٹائیرمنٹ کی عمر کو ساٹھ سال سے بڑھا کر 62 سال تک لے جانے کی تجاویز پیش کی جاچکی ہے تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اس طرح کی تجاویز کی حوصلہ شکنی کی گئی تھی جس کا سیاسی محرک بنیادی طور پر نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو روزگار فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

رواں سال وفاقی حکومت کا پینشن کا بل تقریباً 171 ارب روپے ہے، جس میں سے 125 ارب روپے مسلح افواج کے ریٹائیرڈ ورک فورس کا حصہ ہے۔آئی ایم ایف نے کہاکہ سرکاری تنخواہوں کے بل کے ڈھانچے میں اصلاحات کرنے کیلئے پیداوار اور ادائیگی کے ساتھ منسلک کرنا چاہیے، خدمات کے حصول کے عمل کو بہتر بنانا چاہیے اور بالآخر عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے کارکردگی میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ مزید کہا گیا کہ دیگر شعبوں خصوصاً مزدوروں کی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ہم آہنگی کے ساتھ اصلاحات کی جانی چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تمام مقاصد ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔آئی ایم ایف نے کہاکہ تنخواہوں کے بل میں اضافہ کو خدمات کی فراہمی اور مالیاتی وسعت میں اضافے کے مطابق ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :