عوامی خدمات کے کاموں میں اداروں کے درمیان باہمی رابطوں کو مضبوط اور موثر بنائے بغیر بہتر نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے ، گورنر سندھ

اتوار 27 اپریل 2014 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عوامی خدمات کے کاموں میں اداروں کے درمیان باہمی رابطوں کو مضبوط اور موثر بنائے بغیر بہتر نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے کراچی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے کے لئے کوآرڈینیشن کی ضرورت بہت زیادہ ہے جب تک تمام محکموں کا آپس میں اچھا رابطہ نہ ہو ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر فلاحی کام عمدگی کے ساتھ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتے اگر ہم سب مل کر کام کریں تو باہمی اعتماد کی فضا کے ساتھ ساتھ اداروں میں عمدہ ورکنگ ریلیشن شپ بھی قائم ہوگی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی دوپہر فریئر ہال میں شارع فیصل کی صفائی مہم کے حوالے سے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ مصطفی جمال قاضی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی سمیت مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈمنسٹریٹرز،میونسپل کمشنرز، مختلف محکمہ جاتی افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ادارے کام کر رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبے جاری رہیں سوک مسائل حل ہوں تو شہری خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے لہٰذا تمام ادارے باہمی اشتراک سے سوک مسائل کو حل کریں، شہر کی اہم شاہراہوں کو مراحلہ وار بہتر بنانے کا کام شروع کردیا گیا ہے اس سے قبل آئی آئی چندریگر روڈ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے کیونکہ یہ بھی انتہائی اہم سڑک اور ہماری وال اسٹریٹ ہے اس روڈ کی بہتری کے بعد اب یہاں منظم منصوبے کے تحت سیکورٹی کے انتظامات بھی بہتر بنائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شارع فیصل کی خوبصورتی کے حوالے سے کام کرنے کے لئے کافی ہوم ورک کیا ہے جبکہ دیگر ادارے بھی اس شارع کو خوبصورت بنانے کے لئے اپنا بھرپور تعاون کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ یہ تمام ادارے مل کر اس شہر کی خوبصورتی کے لئے کام کرتے رہیں ماضی میں 10 لاکھ پودے لگائے گئے تین لاکھ مزید لگانے سے شہر کا ماحول بہتر ہوگا، قبل ازیں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے کام کرنے میں کراچی کی انتظامیہ تمام اداروں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ہم ایک جذبے کے تحت گورنر سندھ کے وژن سرسبز کراچی پرامن کراچی کے لئے کام کر رہے ہیں اس مہم میں تقریباً تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے ہماری خواہش ہے کہ شاہراہوں کی خوبصورتی اور انہیں صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے شروع کیا جانے والا یہ کام ہر علاقے اور ہر محلے تک پہنچے انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی اور میٹروپولیٹن کمشنر نے بھی بھرپور تعاون کیا ہے اور ہم سب مل کر شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے اسی طرح اور جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی سرپرستی اور خصوصی توجہ کے باعث کراچی میں جو ترقیاتی کام مکمل ہوئے ہیں وہ نہ صرف ایک مثال ہے بلکہ مستقبل کے لئے بھی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جبکہ کئی ترقیاتی منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جنہیں جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گو کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے پورے شہر کی براہ راست ذمہ دار نہیں، کیونکہ کراچی کئی اداروں میں تقسیم ہے جن کا اپنالینڈ کنٹرول ہے ۔یہ ادارے ان علاقوں سے میونسپل ٹیکس وصول کرتے ہیں، لہٰذا ان علاقوں میں میونسپل سروسز فراہم کرنابھی ان اداروں کی ہی ذمہ داری ہے تاہم کے ایم سی کا محکمہ میونسپل سروسز شہر میں قائم ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے ساتھ باہمی اشتراک کرتے ہوئے مستقل بنیادوں پر کام کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی بڑی شاہراہوں اور بڑے باغات کی نگہداشت کی ذمہ دار ہے لہٰذابلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کی خوبصورتی کے لئے پہلے مرحلے میں شارع فیصل کو منتخب کیا ہے اس مرکزی شارع پر صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تقریباً 25 ہزار پودے بھی لگائے جا رہے ہیں۔

یہ پودے سدا بہار ہوں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں شارع فیصل کو اس لئے منتخب کیا گیا ہے کہ یہ شہر کی ایک اہم ترین سڑک ہے جہاں سے نہ صرف پورے پاکستان کے لوگ گزرتے ہیں بلکہ غیر ملکی مہمانوں کی بھی اس سڑک کے ذریعے آمدورفت رہتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جمال مصطفی قاضی نے بالخصوص گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور دیگر مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا کہ شہر کو خوبصورت بنانے اور اسے صاف ستھرا رکھنے کے لئے ہم سب مل کر کام کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :