وسیع تر قومی مفاد میں سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ‘ ڈاکٹر فاروق ستار، تحفظ پاکستان بل پر شدید تحفظات ہیں ،حکومت طے کرے سیاسی جماعتوں سے خطرہ ہے یا دہشتگردوں سے ، مرکزی رہنما متحدہ قومی موومنٹ

اتوار 27 اپریل 2014 16:06

وسیع تر قومی مفاد میں سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ‘ ڈاکٹر فاروق ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وسیع تر قومی مفاد میں سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ، تحفظ پاکستان بل پر شدید تحفظات ہیں ،ابھی تک اس بل کا سندھ اور بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کے خلاف استعمال ہوا ہے اور حکومت طے کرے کہ سیاسی جماعتوں سے خطرہ ہے یا دہشتگردوں سے ، ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کی آواز ہے اور انکے حقوق کیلئے بغیر کسی خوف اور ڈر کے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

کراچی سے لاہور آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم نے وسیع تر قومی مفاد میں سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ۔سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ شہری اور دیہی تفریق کے خاتمے کے لئے ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت جہاں اچھے کام کر یگی اسے سپورٹ دیں گے اور جہاں عوام کے مفاد کے خلاف کوئی اقدام دیکھیں گے تو اپنی روایت کو بر قرار رکھتے ہوئے اس پر بھرپور آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل پر تمام سیاسی جماعتیں اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں ۔ اس میں کسی بھی مشکوک شخص کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم ہے لیکن ایسا پوری دنیا میں کہیں نہیں۔ نوے روز تک جبری حراست میں رکھنا بھی آئین و قانون سے متصادم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک طے نہیں ہوا کہ اس بل کا کس کے خلاف استعمال ہونا ہے اور کون اتھارٹی ہے۔ ابھی تک تو یہ بل سندھ اور بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اگر آج یہ بل ہمارے خلاف استعمال ہو رہا ہے تو کل آپ بھی اپوزیشن میں آسکتے ہیں او ریہ بل آپ کے خلاف بھی استعمال ہو سکتا ہے اس لئے اس بل پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔