ڈینگی مچھر انسان کیلئے خطرناک ہے، اس کے خاتمہ کیلئے عوام حکومت کا ساتھ دے‘رانا مشہود احمد،حکومت خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے،عوام بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں‘ وزیر تعلیم پنجاب

ہفتہ 26 اپریل 2014 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2014ء) ڈینگی سے آگاہی کے لئے شہر میں واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمدنے کی، واک واسا ڈسپوزل سٹیشن سے شروع ہو کر مون مارکیٹ گلشن راوی پر ختم ہوئی،واک میں سرکاری، غیر سرکاری ملازمین، سکولوں کے طلبہ اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، واک کے شرکاء میں ڈینگی سے آگاہی اور اس سے بچاؤ کے لئے بروشر اور پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔

واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے کہا کہ ڈینگی مچھر انسانیت کے لئے انتہائی خطرناک ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور انہیں نالیوں کے ذریعے نکال دیں، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمدنے کہا کہ حکومت پنجاب دینگی مچھر کے خاتمہ کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہیں مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب عوام حکومت کا ساتھ نہ دیں گے، پنجاب حکومت نے تمام سنیما گھروں کو پابند کیا ہے کہ وہ شو شروع کرنے سے قبل تین سے پانچ منٹ کی ڈینگی سے آگاہی سے متعلق ڈاکومنٹری دکھائیں، اس کے علاوہ ریلوے کالونیوں اور کچی آبادیوں میں بھی ڈینگی سے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی مہر اشتیاق اور میاں مرغوب احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سپرے ہر علاقے میں نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس کے سائیڈ افیکٹ ہوتے ہیں اس لئے ہمیں ا صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے جو کے ہمارے ایمان کے عین مطابق ہے۔شالیمار ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں بھی ڈینگی سے آگاہی کیلئے واک کی گئی۔