سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں ”پاک فوج زندہ باد تحریک“ شروع کر دی ،دفاعی اداروں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دستخطی مہم بھی چلائی جائیگی، حکومت نے دفاعی اداروں کی کردارکشی مہم پر خاموشی اختیار کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ، حکومت کا غیر ذمہ دارانہ کردار کھل کر سامنے آ گیا ہے، وزیراعظم دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑے ہونے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں، پاک فوج کا میڈیا ٹرائل ملک و آئین سے بغاوت ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

ہفتہ 26 اپریل 2014 19:20

سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں ”پاک فوج زندہ باد تحریک“ شروع کر دی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں ”پاک فوج زندہ باد تحریک“ شروع کر دی ہے اور دفاعی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی، حکومت نے دفاعی اداروں کی کردارکشی مہم پر خاموشی اختیار کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت کا غیر ذمہ دارانہ کردار کھل کر سامنے آ گیا ہے، وزیراعظم دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑے ہونے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں، پاک فوج کا میڈیا ٹرائل ملک و آئین سے بغاوت ہے، قومی سلامتی کے اداروں کا تقدس پامال کرنے سے گریز کیا جائے، افواج پاکستان کی حرمت کا خیال رکھنا حُبّ الوطنی کا تقاضا ہے، قومی دفاع میں نقب لگانے والوں کا راستہ جرأت اور قوت سے روکیں گے، پاک فوج ناموسِ ارضِ وطن کی محافظ ہے، پاک فوج کے افسر اور جوان قوم کے دل کی ایک ایک دھڑکن میں بستے ہیں، دفاعی اداروں کو نشانہ بنانے والے اپنے غیرملکی آقاؤں کو خوش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں پاک فوج زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ قیامت خیز مہنگائی اور بے لگام لوڈشیڈنگ سے عوام کی کمر توڑنے والے حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔ غریبوں کے منہ سے نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔ غریب اور محروم لوگ حکمرانوں سے جینے کا حق مانگتے ہیں۔

قوم حکمرانوں کا ضمیر جگانے کے لیے اٹھ کھڑی ہو۔ جعلی الیکشن کے ذریعے اقتدار میں آنے والے دس ماہ میں ملک کا کوئی مسئلہ حل نہیں کر سکے۔ مسائل زدہ لوگ حکمرانوں سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔ حکمران قوم کو بتائیں کہ تین ماہ کے مذاکراتی عمل سے ملک و قوم کو کیا ملا ہے۔ دھماکوں کی گونج میں مذاکرات کی بانسری بجائی جا رہی ہے۔ کراچی میں دو دن میں دو دھماکے لمحہٴ فکریہ ہیں۔

حقیقی سٹیک ہولڈر دہشت گرد نہیں شہداء کے ورثاء ہیں۔ عالمی گریٹ گیم کے تحت پاکستان میں دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے۔ امریکہ افغانستان کی ”اینڈ گیم“ کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ دہشت گردوں کیلئے مذاکرات طاقت کا انجکشن ثابت ہوئے ہیں۔ عوام حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس ہیں۔ ریاست کی رٹ کو ہٹ کرنے والے ہٹ دھرم ہیں۔ شرپسندوں کا صفایا نہ کیا گیا تو ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں آ جائے گا۔

آمریکہ طالبان کے ذریعے پاکستان کو کمزور اور اسلام کو بدنام کر رہا ہے۔ لسانیت، علاقالیت اور فرقہ واریت کے بتوں کو پاش پاش کرنا ہو گا۔ پاکستان، افغانستان اور ایران کو علاقائی بلاک تشکیل دینا چاہیے۔ پاکستان اور اسلام کی محبت ہمارے جسم میں لہو بن کر دوڑتی ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ نظامِ مصطفی کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ کانفرنس سے مفتی محمد سعید رضوی، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، پیر میاں غلام مصطفی، مفتی محمد رمضان جامی، اسد رفیق رضوی اور ارشد مصطفائی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :