گزری بم دھماکہ دہشت گردوں کا ہدف امام بارگاہ سے نمازیوں کو لے جانیوالی بس تھی،مگر خوش قسمتی سے بس محفوظ رہی،آئی جی سندھ، لشکر جھنگوی ماضی میں اس طرح کی کارروائیاں کرتی رہی ہے ،کارروائی میں 10سے 12کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا ،راجہ عمر خطاب ، پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ہم کو مل کر دہشت گردوں سے نمٹنا ہوگا ،ڈاکٹر صغیراحمد، جناح ہسپتال میں 30زخمی اور 4افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں ،زخمیوں میں بیشتر افراد کے سر اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں ،ڈاکٹرسیمی جمالی

جمعہ 25 اپریل 2014 21:17

گزری بم دھماکہ دہشت گردوں کا ہدف امام بارگاہ سے نمازیوں کو لے جانیوالی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء) آئی جی سندھ پولیس اقبال محمود نے کہا ہے کہ گزری بم دھماکہ دہشت گردوں کا ہدف امام بارگاہ سے نمازیوں کو لے جانے والی بس تھی ۔مگر خوش قسمتی سے بس محفوظ رہی تاہم بس میں بیٹھے چند نمازی معمولی زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس نے دھماکے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے ۔جمعہ کو دہلی کالونی بم دھماکے کے جائے وقوعہ پر معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے کا ہدف مسجد و امام بارگاہ یثرب سے نمازیوں کو لے جانے والی بس تھی مگر خوش قسمتی سے محفوظ رہے تاہم بس میں بیٹھے چند نمازی زخمی ہوگئے ہیں ،جن کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔

جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سی آئی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا کہ لشکر جھنگوی ماضی میں اس طرح کی کارروائیاں کرتی رہی ہے کارروائی میں 10سے 12کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا ہے جو ایک رکشے میں رکھا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے بھی دھماکے میں خاتون سمیت 4افراد کے جاں بحق اور 30کے قریب زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں 5کی حالت تشویشناک ہے ۔دھماکے کا نشانہ راہگیر اور نمازی بنے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق اور زخمیوں کی لسٹ اسپتالوں میں آویزاں کردی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ڈاکٹر صغیر نے مزید کہا کہ پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ہم کو مل کر دہشت گردوں سے نمٹنا ہوگا ۔جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ جناح اسپتال میں 30زخمی اور 4افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں ۔زخمیوں میں بیشتر افراد کے سر اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں ۔