پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے بے تاب ، متعدد کرکٹرز کا ایجنٹوں کے ذریعے آئی پی ایل کی مختلف فرنچائزز سے رابطہ ،دبئی میں موجود متعدد پاکستان کھلاڑیوں نے تو آئی پی ایل کے مقابلے بھی میدان میں جا کر دیکھے ،ٹیموں کے پریکٹس سیشنوں کو بھی ملاحظہ کیا‘ ذرائع

جمعہ 25 اپریل 2014 19:57

پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے بے تاب ، متعدد کرکٹرز کا ایجنٹوں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء) 2008ء میں آئی پی ایل کے ابتدائی ایڈیشن کے بعد سے اب تک پاکستان کے کھلاڑیوں کا غیر اعلانیہ بائیکاٹ جاری ہے ،پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کے لیے بے تاب ہیں ،گزشتہ پانچ سالوں سے پاکستان کے مقابلوں کی میزبانی کرنے والے میدان اب انڈین پریمیئر لیگ کے ہنگاموں سے سجے ہوئے ہیں لیکن اس میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔

لیکن اس کے باوجود قومی کھلاڑی بہت بے قرار اور آئی پی ایل منتظمین سے رابطے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔اس وقت پاکستان کے چند سرفہرست کھلاڑی دبئی میں جاری ٹورنامنٹ میں شریک ہیں جن میں دیگر ممالک کے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ اب تک متحدہ عرب امارات پہنچنے والے کھلاڑیوں میں عمران نذیر، کامران اکمل، انور علی، اسد شفیق، سرفراز احمد، محمد خلیل، فہد اقبال، حماد اعظم، حسن رضا، یاسر شاہ اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے چند کھلاڑیوں کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے آئی پی ایل کی مختلف فرنچائزز سے رابطہ قائم کیا ہے اور اپنی دستیابی ظاہر کی ہے۔ان پاکستانی کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کے ساتھ ہی آئی پی ایل کے دروازے کھل جائیں گے اور یہ رابطے اسی لمحے کی قبل از وقت تیاری ہیں۔ اس سلسلے میں آئی پی ایل کے کمنٹری پینل میں موجود پاکستان کے چند سابق کھلاڑی بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد کھلاڑیوں نے تو دبئی میں آئی پی ایل کے مقابلے بھی میدان میں جا کر دیکھے اور ٹیموں کے پریکٹس سیشنوں کو بھی ملاحظہ کیا۔

متعلقہ عنوان :