جدید تحقیق سے حاصل شدہ طاقتور بیجوں کے استعمال سے چند برسوں میں پنجاب میں کپاس کی پیداواردوگناہو جائیگی‘ گورنر پنجاب، کاشتکاروں کی بھر پور محنت سے پنجاب امسال گندم کا ایک کروڑ 90لاکھ ٹن پیداواری ہدف حاصل کر لے گا‘ وزیر زراعت راجہ اشفاق سرور

جمعہ 25 اپریل 2014 19:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء) حکومت پنجاب مانسنٹو کے تعاون سے کاشتکاروں میں کپاس کے نئے بیج متعارف کرائے گی ،ان بیجوں کی کاشت سے آئندہ سالوں میں کپاس کی پیداوار 13ملین سے بڑھ کر 26ملین گانٹھیں ہوجائے گی جس سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا ، پاکستان گندم کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرچکا ہے اور زیادہ گندم پیدا کرنے والے ملکوں میں پاکستان کا دسواں نمبرہے ،پنجاب حکومت نے صوبہ میں زراعت کی ترقی کے لیے 5.5ارب روپے مختص کئے ہیں جس سے مختلف فصلوں کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور فوڈ سیکورٹی کے حصول میں کامیابی حاصل ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے ڈاکٹر نارمن بورلاگ کی صد سالہ یوم پیدائش اور پاکستان اور امریکہ کے زرعی شعبے میں 50سالہ تعاون کے موقع پر کیا۔

تقریب میں بین الاقوامی اداروں بی جی آر آئی کی چئیرپرسن جینی بورلاگ لاؤبے ڈاکٹر بورلاگ کی بیٹی اور سمٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہانس جے براؤن کے علاوہ سیکرٹری زراعت علی طاہر ، ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب ، ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع و اڈاپیٹو ریسرچ پنجاب ، ڈاکٹر مخدوم حسین ڈائریکٹر گندم اور محمد رفیق اختر ڈائریکٹر ایگریکلچر انفرمیشن پنجاب سمیت زرعی سائنسدانوں اور کاشتکاروں کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔

بی جی آر آئی کی چیئرپرسن جینی بورلاگ لوبے نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ان کے والد نے1960-70کے عشرہ میں زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل گندم کی چھوٹے قد والی اقسام تیار کرکے سبز انقلاب برپا کیا جس سے دنیا میں بھوک اور غربت کو مٹانے میں مدد ملی ۔انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ گندم کی بیماریوں سے پاک اور زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے والی نئی اقسام کی تیاری کے لیے پاکستان کے 200سائنسدانوں کو فنی تربیت فراہم کررہا ہے ۔

صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے اپنے خطاب میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جدید زرعی تحقیق اور کاشتکاروں کی بھر پور محنت سے پنجاب میں امسال گندم کی بھر پور پیداوار حاصل ہونے سے ایک کروڑ 90لاکھ ٹن کے پیداواری ہدف کے حصول میں کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے ڈاکٹر نارمن بورلاگ کے پاکستانی زرعی ترقی میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :