ججز نظربندی کیس میں ایک بار پھر تفتیشی کو تبدیل کر دیا گیا

جمعہ 25 اپریل 2014 16:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25اپریل 2014ء)ججز نظربندی کیس میں ایک بار پھر تفتیشی کو تبدیل کر دیا گیاجبکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جمعہ کو ایک دن کیلئے پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دیدیا ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت ہوئی ، پراسیکیوٹری عامر ندیم تابش نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پرویز مشرف علاج کی غرض سے کراچی میں ہیں اور وہ جمعہ کو پیش نہیں ہو سکتے پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے مشرف کی استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ نہیں لگائی گئی لہٰذا اس کو مسترد کیا جائے تاہم عدالت نے انہیں ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دے دیا تاہم پرویز مشرف کے ضامن راشد قریشی اورمشتاق احمد عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا جواب داخل کرایا، دوسری طرف ججز نظربندی کیس کے تفتیشی افسر کو ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب ریاض خان کی جگہ انسپکٹر مصطفی کیانی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

کیس کی مزید سماعت 9 مئی کو ہو گی۔