صوابی ، یار حسین میں گاڑی پر فائرنگ 7 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ، ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ

جمعہ 25 اپریل 2014 16:56

صوابی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25اپریل 2014ء) صوابی کے علاقے یار حسین میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 7 سے زائد زخمی ہوگئے ، مقتولین کے ورثاء نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا جس کے باعث صوابی روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جبکہ وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خوا ناصر درانی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

جمعہ کو یارحسین پولیس سٹیشن کے اے ایس آئی مختیارخان نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عدنان نامی ایک شخص سعودی عرب جارہا تھا اور ان کے رشتہ دار انہیں گاڑی میں پشاور ایئر پورٹ چھوڑنے جارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جونہی یہ افراد گھر سے روانہ ہوئے تو اس دوران نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی مختار خان نے بتایا کہ فائرنگ سے پانچ افراد موقع ہی پر جاں بحق ہوئے اور دو افراد بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

مرنے والے تمام افراد ایک ہی خاندان کے بتائے جاتے ہیں جن میں خود عدنان، ان کے والد اور ایک بہن بھی شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو صوابی اور مردان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے دوسری جانب مقتولین کے ورثا نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا جس کے باعث صوابی روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

ادھر وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خوا ناصر درانی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :