سندھ کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء ، مشیران اور معاون خصوصی کی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات

جمعرات 24 اپریل 2014 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) سندھ کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء ، مشیران اور معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ سندھ نے جمعرات کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزراء ، مشیران اور معاون خصوصی نے گورنر سندھ کو اپنے اپنے محکموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نو منتخب وزراء ، مشیران اور معاون خصوصی پر بہت بھاری ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں میں مزید بہتری لانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ حائل مشکلات کو کم کرکے ہی عوام کے دل جیتے جاسکتے ہیں اس کے لئے سخت جان محنت کرنا ہوگی اور ہر اس منصوبوں کو عملی جامہ پہنا نا ہو گا جس سے عوام کو فوری ریلیف حاصل ہو سکے ۔

(جاری ہے)

نو منتخب وزراء ، مشیران اور معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک محنت کریں گے اور ہر اس اقدام کو یقینی بنایا جائے گا جس میں عوامی مفاد مضمر ہو گا اس ضمن میں نئے منصوبوں پر جلد کام بھی شروع کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے لئے گورنر سندھ کی کاوشیں نا قابل فراموش ہیں جو دن رات محنت کرکے عوامی مفاد میں کام کر رہے ہیں گورنر سندھ ایک رول ماڈل ہیں اور عوام کا درد اپنے دل میں رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی بصیرت سے آج صوبے میں ہم آہنگی کی فضاء قائم ہے سیاسی ربط سے مسائل میں کسی حد تک بہتری آئی ہے جو صوبے اور عوام کے لئے انتہائی ضروری تھی سب کو اسی وژن کے تحت مل کر کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کولیشن پارٹنر شپ صوبے کی عوام کے بہتر مفاد میں ہے مل کر ہی عوام کی بھرپور خدمت کی جاسکتی ہے شہری اور دیہی فرق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صوبے کے وسیع تر مفاد میں کام کرنا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :