گندم خریداری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے ،چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جا ئیگا‘ شہبازشریف ،گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں ،میرا ہیلی کاپٹر بھی استعمال میں لایا جاسکتاہے،صوبے بھر میں گندم خریداری مہم کیلئے 376سینٹر ز قائم کئے گئے ہیں ،کسانوں کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے موثر نظام وضع کیا گیاہے ،محکمہ خوراک کو آئندہ 2برس تک گندم کے جدید سائلوز تعمیر کرنے کا منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت،سائلوز سے گندم کی چوری اور ضیاع کی روک تھام میں مدد ملے گی،گندم خریداری مہم میں باردانہ کی خرید ، تقسیم سے لیکر تمام عمل کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی اجلاس میں ہدایت

جمعرات 24 اپریل 2014 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ صوبے میں گندم خریداری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے،صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان کو گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کے لئے ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہے،صوبائی وزیر خورا ک او رچیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی گندم خریداری مہم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی، میرا ہیلی کاپٹر بھی گندم خریداری مہم کی نگرانی کے لئے ا ستعمال میں لایا جا سکتا ہے،چھوٹے کاشتکاروں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کریں گے، انہیں چوروں اور منافع خورو ں کے استحصال سے بچائیں گے۔

ان خیالا ت کا ا ظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں گندم خریداری مہم کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلاس میں صوبے میں گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری خوراک نے گندم خریداری مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید،معاو ن خصوصی عزم الحق،چیف سیکرٹری ،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹریز زراعت،خوراک اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے بھر میں گندم کی خریداری کے لئے 376 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں او ران مراکز میں کاشتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ کسانوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے بھی موثر نظام وضع کیا گیاہے۔ خریداری مراکز پر کسی بھی قسم کی رشوت یا بدعنوانی کی شکایت پر ذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر خوراک مختلف شہروں میں گندم خریداری مراکز کے دورے کر کے ذاتی طو ر پر انتظامات کا جائزہ لیں او راگر کئی انتظامات میں خامی ہو تو اسے دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ گندم خریداری مہم میں باردانہ کی خرید اری اورتقسیم سے لے کر تمام عمل کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں 20کروڑ روپے سے زائد سرکاری خریداری اور ترقیاتی منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ لازم ہے اور اس مقصد کے لئے ضروری قانون سازی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ خوراک اگلے دو برس کے دوران پنجاب میں گندم بہترین انداز سے محفوظ کرنے کے لئے جدید سائلوز کی تعمیر کا کام مکمل کرے۔ سائلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کرنے کے حوالے سے بزنس ماڈل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سائلوز کی تعمیر سے نہ صرف گندم کی چوری بلکہ اس کا ضیاع روکنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب میں اناج سٹاک ایکسچینج کا نظام بھی لایا جائے گا اور گندم خریداری مہم کے پورے عمل کے لئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں گندم خریداری مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر ڈی سی او عظمت محمود کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس عمل کو اگلے برس پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے۔