فلائی اوورز،پلوں،سٹرکوں اور ہاؤسنگ سکیموں کی تعمیر میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے ‘ صوبائی وزیر ہاؤسنگ ،ملک تنویر اسلم اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ، سینئر انجینئرز پر مشتمل سب کمیٹی کو 10 یوم کے اندر تجاویز پیش کرنے کی ہدایت

جمعرات 24 اپریل 2014 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ تعمیرات ومواصلات پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک تنویر اسلم اعوان کی صدارت میں سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ماڈرن کنسٹریکشن ٹیکنالوجی کمیٹی کے اعلی افسران کا ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔جس میں آئندہ سے پنجاب میں تعمیر ہونے والے پلوں،فلائی اوورز،سڑکوں ،ملٹی نیشنل بلڈنگز اور ہاؤسنگ سکیموں کی تعمیرات کو کم سے کم وقت میں اعلی تعمیراتی میٹریل کے ساتھ مکمل کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو مشتاق احمد، ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ، ڈی جی پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سجاد مبین،سیکرٹری فنانس جہاں زیب خان،سبطین فضلی،تنویر قمر، اسرار سعید،آغا عدیل کے علاوہ دیگر سینئر افسران اور انجینئرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ آئندہ سے تعمیر ہونے والے تمام پراجیکٹس کو کم از کم وقت میں معیاری تعمیرات کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ مقامی لوگوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرناپڑے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موسموں کو مد نظر رکھتے ہوئے ماڈرن کنسٹریکشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے جس میں گرمی سردی سے بچاؤ ،بارشوں سے تحفظ،مناسب ہوا کے علاوہ ہنگامی حالات میں لگنے والی آگ سے بچاؤ کے تمام تر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے سب کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز میں مزید بہتری کے لئے کمیٹی کو 10 یوم کے اندر اپنی سفارشات کمیٹی کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی میں نیسپاک،ہاؤسنگ،سی اینڈ ڈبلیو،ایل ڈی اے، فنانس اور سینئر ترین انجینئرز شامل ہوں گے۔تنویر اسلم اعوان نے ہدایت کی کہ موسمی تغیرات،پٹرول لوہے کی نرخوں کے اتار چڑھاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے تجاویز تیار کی جا ئیں تاکہ ان پر بلا تاخیر جلد سے جلد عملدرآمد کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :