جنوبی اضلاع میں بڑے انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے اقدامات کررہے ہیں،اسد قیصر، صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ،جب تک ہمارا لوکل باڈیز سسٹم مضبوط نہیں ہوگا حقیقی ترقی کا خواب ممکن نہیں ہوسکے گا، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعرات 24 اپریل 2014 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ صوبائی حکومت جنوبی اضلاع میں ایک بڑے انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کے باعث مذکورہ اضلاع میں ترقی کا نیا باب کھلے گا انہوں نے ان خیالات کا اظہار ادارہ استحکام شرکتی ترقی (SPO )اور ”آواز“ این جی او کے تحت پی سی ہوٹل میں منعقدہ ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی سپیکر امتیاز شاہد قریشی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی اضلاع میں تیل و گیس کی مد میں اربوں روپے کی رائلٹی ملنے کے باوجود وہاں پر سہولتیں نہیں فراہم کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان اضلاع کی محرومیوں کا خاتمہ کرنے اور انکو حقوق دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے سپیکر نے کہاکہ صوبہ کو ترقی سے ہمکنار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ روایتی اور طویل بیورکریٹک چین میں کمی لائی جائے کیونکہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے فائلیں مہینوں ایک دفتر سے دوسرے دفتر میں گھومتی رہتی ہیں جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں تیل و گیس کے کافی حوصلہ افزاء زخائر دریافت ہوئے ہیں اور کچھ ہی عرصہ بعد مذکورہ اضلاع دولتمند ترین علاقے بن جائیں گے جس کے باعث دیگر صوبوں سے روزگار کے حصول کے لئے لوگ یہاں آئیں گے انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقہ میں ایک بڑا انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کیا جائے گا جس میں بیرونی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کریں گے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کے لئے حال میں قانون سازی بھی کی گئی ہے جب تک ہمارا لوکل باڈیز سسٹم مضبوط نہیں ہوگا حقیقی ترقی کا خواب ممکن نہیں ہوسکے گا صوبائی حکومت نے احتساب ایکٹ پاس کیا جس کے تحت وزراء ، اعلیٰ سرکاری حکام سمیت ہر کسی کا احتساب ہوگا چاہے کوئی کتنا بھی طاقت ور کیوں نہ ہو اگر غلط کام کرے گا تواحتساب کے شکنجے میں ہوگا رائیٹ ٹو انفارمیشن کے قانون کے تحت سرکاری محکمے ایک ٹائم فریم کے اندر عوام کو ڈیلیوری دیں گے ورنہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ان اقدامات سے عوام ایک مثبت تبدیلی محسوس کریں گے اور تحریک انصاف پر ان کا اعتماد بڑھے گا انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام کو مڈل کلاس لیڈرشپ ملی ہے جو حقیقتاً عوام کے دکھ درد اور مسائل کا ادراک رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ آپ مجھ میں سے ہیں اور میں آپ میں سے ہوں لہٰذا ہم سب مل جل کر قوم کی تقدیر بدلیں گے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں این جی اوز کا بھی اہم کردار ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ این جی اوز فنڈز کا استعمال کرتے وقت حقیقی عوامی ضروریات کو مد نظر رکھیں۔

متعلقہ عنوان :