مجھے چیف سلیکٹر بنانے پر انگلش بورڈ کے تحفظات تھے ،راشد لطیف کا انکشاف

جمعرات 24 اپریل 2014 12:46

مجھے چیف سلیکٹر بنانے پر انگلش بورڈ کے تحفظات تھے ،راشد لطیف کا انکشاف

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24اپریل 2014ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ مجھے چیف سلیکٹر بنانے پر انگلش بورڈ کے تحفظات تھے ،دانش کنیر یا کا سپورٹر نہیں صرف انصاف کی بات کرتا ہوں ، ذکا اشرف اور نجم سیٹھی دونوں محمد عامر کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں راشد لطیف نے کہاکہ فروری میں قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر تین سے چار بجے تک ایک خفیہ ہوئی جس میں چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کا سامنے کرنے والے لیگ اسپنر دانش کنیریا کی حمایت کرنے پر انگلش بورڈ نے تحفظات ظاہر کیے ہیں اور کہا کہ آپ راشد لطیف کو اینٹی کرپشن کا سربراہ بنا رہے ہیں، اس لئے ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم مستقبل میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلے۔

(جاری ہے)

راشد لطیف نے کہا کہ میں نجم سیٹھی کی بات سن کر حیران ہوا۔ اس ملاقات میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی موجود تھے۔ میں نے نجم سیٹھی کو کہا کہ میں دانش کا سپورٹر نہیں ہوں لیکن میں چاہتا ہوں کہ دانش کے ساتھ انصاف ہو۔ راشد لطیف کہتے ہیں کہ یہ سچی خبر ہے جس کی پاکستان کرکٹ بورڈ تردید کررہا ہے تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ میں نے اس خبر کو خفیہ رکھا۔

مجھے یقین ہے کہ نجم سیٹھی نے بھی راز سے پردہ نہیں اٹھایا ہوگا۔ انہوں نے سبحان احمد کا نام لئے بغیر کہا کہ اب میٹنگ میں موجود تیسرا شخص ہی ایسا کرسکتا ہے۔ کیوں کہ وہ انگلش بورڈ اور آئی سی سی کے بہت قریب ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر سے یہ پتہ چلا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے فکسنگ سکینڈل میں ملوث دو کرکٹرز دانش کنیریا اور محمد عامر میں سے کسی ایک کا نام دینے کے لیے کہا تھا جسے نرمی دی جاسکے۔

راشد لطیف کے مطابق اس اعلیٰ افسر نے ان سے کہا تھا کہ ذکا اشرف اور نجم سیٹھی دونوں محمد عامر کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں جس پر انھوں نے اس افسر سے کہا تھا کہ محمد عامر کی سزا میں دو سال باقی رہتے ہیں لہذا دانش کنیریا کیلئے کوششیں کی جانی چاہیں جن کے ساتھ انصاف نہیں ہوا ہے۔راشد لطیف نے کہاکہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے انگلش کرکٹ کی ساکھ بچانے کیلئے ایک غیر برطانوی کھلاڑی کو نشانہ بنایا ہے تاہم دانش کنیریا کے خلاف تاحیات پابندی کا فیصلہ ایسیکس کاوٴنٹی کے صرف چار کھلاڑیوں کے بیانات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاہم کوئی یہ نہیں دیکھتا کہ چار کھلاڑیوں کے بیانات کنیریا کے حق میں بھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :