وزیر خزانہ سے ایم کیو ایم کے بابر غوری کی ملاقات ، کراچی کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ،امید ہے ایم کیو ایم ملک کو درپیش اقتصادی و ترقیاتی چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گی ، اسحاق ڈار ،کراچی کو موٹر وے کے ذریعے لاہور کے ساتھ ملایا جائے گا ،وفاقی وزیر خزانہ کی بابر غوری سے گفتگو

بدھ 23 اپریل 2014 21:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ ایم کیو ایم ملک کو درپیش اقتصادی و ترقیاتی چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گی ،کراچی کو موٹر وے کے ذریعے لاہور کے ساتھ ملایا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری نے ملاقات کی اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے لئے یورو بانڈز کے کامیاب اجراء، روپے کی قدر میں اضافہ اور معاشی کارکردگی پر مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں تبدیلی ملک کے عوام کی ترقی و خوشحالی لائے گی۔ سینیٹر بابر غوری نے کراچی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے بڑے منصوبوں پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے سمیت ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ سے شہر کے لوگوں کو سفر کی سہولت ملے گی جبکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے اپنی اور وزیراعظم کی جانب سے سینیٹر بابر غوری اور الطاف حسین کا حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم ملک کو درپیش اقتصادی و ترقیاتی چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ گنجان آباد کاروباری مرکز ہے اور اس کا ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت کراچی سرکلر ریلوے کے لئے ضروری فنڈز کے سلسلے میں جائیکا کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو موٹر وے کے ذریعے لاہور کے ساتھ ملایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بڑے منصوبوں کے لئے ضروری فنڈز فراہم کرے گی۔