4G,3G اسپیکٹرم کی نیلامی، 8 مراحل بعد بھی بولی 90 کروڑ28 لاکھ ڈالرز تک ہی پہنچ سکی، نتائج کا حتمی اعلان وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے

بدھ 23 اپریل 2014 20:14

4G,3G اسپیکٹرم کی نیلامی، 8 مراحل بعد بھی بولی 90 کروڑ28 لاکھ ڈالرز تک ہی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل۔2014ء) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے تھری جی اور فورجی اسپیکٹرم کی نیلامی جاری ہے جس کا آٹھواں مرحلہ مکمل ہونے کے بعد لائسنسوں کی مجموعی بولی 90 کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار ڈالر تک ہی پہنچ سکی ہے۔چئیرمین پی ٹی اے کے مطابق بولیوں‌کے مرحلے کے اختتام پر حتمی نتیجے کا اعلان وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے ۔

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تھری جی کے 3 جبکہ فور جی کے 2 لائسنس کی نیلامی کا عمل جاری ہے جس میں ملک کی 4سیلولر کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں، تھری جی اسپیکٹرم کے ایک لائسنس کی بنیادی قیمت 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جبکہ فور جی اسپیکٹرم کے ایک لائسنس کی بنیادی قیمت 21 کروڑ ڈالرز رکھی گئی ہے،یہ لائسنس 15 سال کی مدت کے لئے جاری کئے جارہے ہیں، 4جی لائسنس کی بولی میں حصہ لینے کے لئے تھری جی لائسنس لینا ضروری ہے، کامیاب بولی دہندہ کو 50 فیصد ادائیگی 30 دن اور بقایا ادائیگی 5 سال میں مساوی قسطوں میں کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

پی ٹی اے کو امید ہے کہ ان لائنسنسز کی فروخت سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر تک رقم حاصل ہوگی۔نیلامی کے آغاز سے قبل تمام پارٹیوں نے کم سے کم بنیادی رقم پر اپنی پیش کشیں جمع کرائی جس کے بعد بولی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو مختلف نشانات الاٹ کئے گئے، پیش کش جمع ہونے کے بعد الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے جیتنے والے کا اعلان کیا جائے گا، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل کا کہنا ہے کہ تھری جی اور فور جی کی نیلامی میں پارٹیز کی جانب سے بنیادی قیمت سے کہیں زیادہ پیشکش ملی ہیں، پریٹرز نے کارڈ میں سے 8 راؤنڈ سے 3 ویور لیے،ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ افواہیں جنم لیں اس لیے نیلامی کو آج ہی مکمل کیا جائے گا۔

نیلامی کے اب تک 8 مراحل مکمل ہوچکے ہیں جن میں مجموعی طور پر بولی 90 کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار ڈالرز پر پہنچ گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :