سندھ کے سینئر وزیرتعلیم نثاراحمد کھوڑوکا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ ،سینٹرز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ پر اظہار افسوس ، امتحانی سینٹرز پر نان ٹیچنگ اسٹاف انویجیلیٹر مقرر ہونے پرسخت برہمی کا اظہار ، بورڈ انتظامیہ سے رپورٹ طلب

بدھ 23 اپریل 2014 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل۔2014ء) سندھ کے سینئر وزیرتعلیم نثاراحمد کھوڑو کے گیارویں اور بارھویں کے امتحانات کے دوران مختلف امتحانی سینٹرز کے دورے ، سینٹرز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ ہونے پر افسوس کا اظہار، امتحانی سینٹرز پر نان ٹیچنگ اسٹاف انویجیلیٹر مقرر ہونے پرسخت برہمی کا اظہار ، بورڈ انتظامیہ سے رپورٹ طلب ۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیرتعلیم نثاراحمد کھوڑونے بدھ کو گیارویں اور بارھویں کے امتحانات کے دوران چیئرمین انٹر بورڈ ، ڈی جی کالجز سندھ سمیت دیگر افسران کے ہمراہ ڈی جے سائنس کالج کراچی ، وومین کالج شاہراہ قائدین سمیت مختلف کالجز میں واقع امتحانی سینٹرز کا دورہ کیا ، دورے کے دوران طلباء اور طلبات کے ایڈمٹ کارڈچیک کیئے اور امتحانات کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وومین کالج سمیت دیگرسینٹرز پر امتحانی پرچے کے دوران کراچی الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے لوڈشیڈنگ کرنے پر افسوس ہے جبکہ انھیں امتحانی پرچے کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اگر کراچی الیکٹرک انتظامیہ کی مختلف کالجز کی طرف بقایا جات ہے تو امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ کرکے وہ بقایاجات وصول کرنے کا عمل نامناسب ہے کیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ اور طالبات کو امتحان دینے میں مشکل پیش آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ میرٹ کو فروغ دینا چاہتا ہوں اور کاپی کلچر نوجوان نسل کا مستقبل خراب کررہا ہے۔

حکومت نے کاپی کلچر کی روک تھام کیلیئے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر زاور پولیس کو امتحانات کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کی ہے اور طلباء اور طالبات خود بھی نقل سے گریز کریں کیونکہ انکے اس عمل سے دیگر بچوں کی میرٹ متاثر ہورہی ہے ایسا نہ ہو کہ کل وہ این ٹی ایس کی ٹیسٹ بھی پاس نہ کرسکیں ۔انھوں نے کہا کہ نقل کرانے کے عمل میں کسی بھی کسی بھی اساتذہ کے ملوث ہونے کی رپورٹ ملی تو انھیں گھر بھیجا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ان کیلیئے کوئی بھی سینٹرحساس نہیں ہے اور وہ ہر جگہ جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :