ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی اتحاد سے امن قائم ہوا تو اس اتحاد کو ضرور سراہیں گے ،عرفان اللہ مروت ، دونوں جماعتوں میں اتحاد کے بعد بلاول بھٹو کو ان کے کلمات پر پوچھنا پڑے گا،رہنما مسلم لیگ (ن) کی میڈیا سے بات چیت

منگل 22 اپریل 2014 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ خان مروت نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین ہونے والے اتحاد سے اگر صوبے اور کراچی میں امن قائم ہوا تو ہم اس اتحاد کو ضرور سراہیں گے۔ ماضی میں بھی دونوں جماعتیں ساتھ رہیں لیکن کراچی میں امن دیکھنے میں نہیں آیا۔ دونوں جماعتوں میں اتحاد کے بعد بلاول بھٹو کو ان کے کلمات پر پوچھنا پڑے گا۔

وہ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ عرفان اللہ مروت نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین نئے نکاح کے حوالے سے انہیں زیادہ علم نہیں ہے کیونکہ وہ ملک سے باہر تھے اور آج ہی صبح ملک واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں جماعتوں میں کوئی مفاہمت ہوئی ہے تو پھر ہمیں بلاول بھٹو کو ان کے ادا کئے گئے کلمات پر ان سے پوچھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے مابین مفاہمت سے اگر صوبے اور بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورت حال بہتر اور سندھ کے عوام کی بہتر ہوئی تو مسلم لیگ (ن) اس کو سراہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی دونوں جماعتیں ایک ساتھ رہی ہیں لیکن یہاں امن و امان اور عوام کے لئے کوئی بہتر نہیں دیکھی گئی تھی۔ ایم کیو ایم کی حکومت میں ثمولیت کے بعد اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔