انضباطی قواعدکی خلاف ورزی،سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے 86کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دئیے

منگل 22 اپریل 2014 20:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء)سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمشن آف پاکستان نے انضباطی قواعدکی خلاف ورزی‘ سالانہ گوشواروں اور حسابات میں بے قاعدگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر86 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردئیے ہیں ، جبکہ54 کمپنیوں کو چیف ایگزیکٹوز،آڈیٹرز اور ڈائریکٹرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اظہار وجوہ کے یہ نوٹس ،ایس ای سی پی کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فروری اور مارچ کے مہینے میں جاری کئے گئے۔ کمپنیوں کے گوشواروں اور حسابات کی جانچ پڑتال کے دوران کئی کمپنیوں کی فنانشل سٹیٹمنٹ میں بے ضابطگیاں پائی گئیں ، جبکہ کئی کمپنیوں کو آڈٹ کے مروجہ قوائد پورے نہ کرنے‘ سالانہ فنانشل سٹیٹمنٹ جاری کرنے میں تاخیر ‘ ڈائریکٹرز کے انتخابات نہ کروانے اور کمپنی کے منافع اور بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے ۔

(جاری ہے)

مزید ازاں، ایس ای سی پی نے کارپوریٹ سوشل ریسپانس ابلٹی کی رپورٹینگ کے سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لئے ، ایس ای سی پی نے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹنٹ آف پاکستان (آئی کیپ )کے ساتھ مل کر رپورٹنگ کا سسٹم وضح کیا ہے۔ آڈٹ کمپنیاں عالمی معیارات کے مطابق کمپنیوں کی سوشل ریسپانسبیلٹی رپوٹ کا جائزہ لیں گی۔ مارچ میں ایس ای سی پی اور آئی کی پکے حکام کا اجلاس ہوا جس میں این جی اوز کے لئے فنانشل رپورٹنگ کی بھی گائیڈ لائن کا بھی جائزہ لیا گیا۔