مضاربہ/ مشارکہ کی آڑ میں کروڑوں روپے کافراڈ، قومی احتساب بیوروخیبر پختونخوا نے ایم ایم قریشی انٹرنیشنل پرائیو یٹ لمیٹڈکے تیسرے ڈائریکٹر منورشاہ کوگرفتارکرلیا

پیر 21 اپریل 2014 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء) قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے ایم ایم قریشی انٹرنیشنل پرائیو یٹ لمٹیڈکے تیسرے ڈائریکٹر منور شاہ کو بھی گرفتار کر لیا جو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مضاربہ مشارکہ کی آڑ میں کروڑوں روپے کے فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔مذکورہ کمپنی کے اہم ملزم ایم مبارک شاہ اور ڈائریکٹر مشاہد علی پہلے ہی سے نیب کی حراست میں ہیں۔

واضح رہے کہ پیر کو گرفتار کئے جانے والے ملزم فراڈ کے اہم کردار ایم مبارک شاہ کے بھائی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کیس میں مسلسل گرفتاریوں سے متاثرین کو رقم کی واپسی میں مدد ملے گی۔ تاہم ملزموں نے اپنے اثاثے اور نقد رقوم دبئی منتقل کئے ہوئے ہیں۔ ان اثاثوں اور رقوم کی واپسی کے لئے کوششیں جاری ہیں تا ہم پیچیدہ طریقہ کار کے سبب ریکوری میں وقت لگ سکتا ہے۔تاہم نیب خیبر پختونخوا نے باقی ماندہ متاثرین سے گزارش کی ہے کہ و ہ قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا ،پی ڈی اے کمپلیکس بلاک - III ، فیزV- حیات آباد پشاور میں دفتری اوقات کے دوران اپنے کلیم جمع کروائیں۔ تا کہ ملزمان سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کی صورت میں انہیں ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔