ایم کیوایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

پیر 21 اپریل 2014 19:53

ایم کیوایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء) ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال نے سینیٹ کی نشست سے استعفی دے دیا جسے منظوری کے لیے چیئرمین سینیٹ کو بھجوا دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق ناظم کراچی مصطفی کمال نے سینیٹ کی نشست سے استعفی دے دیا ، مصطفی کمال کا استعفی منظوری کے لیے چیئرمین سینیٹ کوبھجوا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مصطفی کمال نے 9 ماہ قبل اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو دیا تھا جسے آج منظوری کے لیے چیئرمین سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ۔مصطفی کمال گزشتہ کئی ماہ سے سینیٹ سے غیر حاضر تھے اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں بھی غیر فعال ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفی کمال بدستور رابطہ کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ سینیٹر شپ سے مستعفی ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ مصطفی کمال کراچی کے ناظم بھی رہ چکے ہیں اور چند ماہ سے بیرون ملک مقیم ہیں جہاں ان کی ایک بڑے رئیل اسٹیٹ گروپ سے وابستہ ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔