حکومت بڑے شہروں میں آئی ٹی پارکس قائم کریگی ،عنقریب اسلام آباد میں ایک بڑے آئی ٹی پارک کا افتتاح کیاجائیگا ،زاہد حامد ، خیبرپختونخوا میں کاروباری حضرات کوبہترماحول دینے کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ بھرپورتعاون کرینگے ، کاروباری نمائندوں سے گفتگو ،تحفظ پاکستان بل کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کاخیرمقدم کرینگے ، وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

پیر 21 اپریل 2014 19:19

حکومت بڑے شہروں میں آئی ٹی پارکس قائم کریگی ،عنقریب اسلام آباد میں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی زاہدحامد نے کہاہے کہ حکومت بڑے شہروں میں آئی ٹی پارکس قائم کرے گی اور عنقریب اسلام آباد میں ایک بڑے آئی ٹی پارک کا افتتاح کیاجائیگا ، وہ پیر کو خیبرپختونخواچیمبرآف کامرس میں چیمبرکے نمائندوں اورکاروباری حضرات سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر وفاقی سیکرٹری کامل علی قریشی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر زاہدحامد نے کہاکہ ہم ایک ایسی دستاویزپرکام کررہے ہیں جس کا مقصد سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بہتری کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں پرعمل کیا جانا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کے تحت15ذیلی ادارے کام کررہے ہیں اورہم ان کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں وفاقی وزیر نے ریسرچ کیلئے تاجروں سے تجاویز طلب کیں انہوں نے کہاکہ نیشنل کوالٹی پالیسی تیار ہوچکی ہے جس کے تحت مارکیٹ میں دستیاب پراڈکس کی کوالٹی کویقینی بنایاجاسکے اور اس پرچیک رکھاجاسکے انہو ں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں کاروباری حضرات کوبہترماحول دینے کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپورتعاون کرینگے ان کو بہتر ماحول کی فراہمی کیلئے امن وامان کی فضاء کوبہترکرناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاروباری سیکٹرکی ترقی کیلئے بجلی وگیس کی قلت کے خاتمے کیلئے کئی منصوبوں پرکام شروع کر دیا ہے وفاقی وزیر زاہدحامد نے کہا کہ وفاقی حکومت بجلی بنانے کے کئی منصوبوں پرکام کررہی ہے جس میں دیامیر اور داسوڈیم اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں حلال فوڈ پراڈکس کاکھربوں میں کاروبار ہورہاہے بدقسمتی سے پاکستان کے حلال فوڈپراڈکس میں بہت کم حصہ ہے پاکستان حلال اتھارٹی بنائی جارہی ہے جس کے لئے ایک بل تیارکیاگیاہے بل کو بہت جلد منظوری کیلئے کابینہ میں پیش کیاجائے گا جس کی منظوری سے حلال پراڈکس کو ریگولیٹ کیاجائے گا اس سے پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھے گی اورملک کی آمدن میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں موجود منرل واٹرسمیت تمام غیرمعیاری اشیاء خوردونوش کیخلاف ایکشن لیاجائے گاانہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے ٹورازم سیکٹرکوفروغ دینے سے یہاں سیاحی سرگرمیوں کوفروغ ملے گا جس سے ریونیومیں خاطرخواہ اضافہ ہو گا، وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریگی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرعظم نوازشریف کی ہدایت کی روشنی میں سائنس اینڈٹیکنالوجی کونیارخ دیناچاہتے ہیں چھوٹے اور بڑے صنعت کاروں کی بھرپورمددکی جائیگی تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے بعدازاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرزاہدحامد نے کہاکہ تحفظ پاکستان بل کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کیلئے بل کی کاپیاں ان کے حوالے کردی ہیں اوربل کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کاخیرمقدم کرینگے اورجوترامیم اس قانون کوبہتربناسکتی ہیں ان کو ضروربل میں شامل کیاجائے گاقبل ازیں چیمبرکے صدر زاہدشنواری نے چیمبراورکاروباری حضرات کودرپیش مسائل کے بارے میں معززمہمان کوآگاہ کیا اس موقع پروفاقی وزیر کوچیمبرکی طرف سے خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔

بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صنعت کاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو یکساں اور بہترین ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور ملک میں توانائی کے چھوٹے اور بڑے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ اس سلسلے میں دیامر اور داسو ڈیم پر کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو الله تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال کیا ہے اور ان وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے 15 ادارے ملک میں کام کر رہے ہیں۔ تاجروں اور صنعتکاروں کو چاہئے کہ ان سائنس و ٹیکنالوجی کے لیبارٹریوں سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کے نظم و نسق اور انتظامی ڈھانچوں کو مضبوط تر بنایا جائے گا تاکہ جدید وسائل کو استعمال کرکے تحقیقی کاوشوں کے ذریعے صنعت و حرفت کو ترقی دی جاسکے تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں ان کی افادیت کو مزید بڑھا سکے۔

قبل ازیں صدر خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زاہد خان شنواری نے وفاقی وزیر کی توجہ تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل و مشکلات کی طرف دلائی۔ اس موقع پر سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی کامران علی قریشی اور ایگزیکٹو ممبرز خیبر پختونخوا کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔