Live Updates

عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں سیاست کا تجربہ نہیں اور تجربہ کار کی وہ سنتے نہیں،آصف احمد علی،حکومت اور فوج کے تعلقات طالبان سے مذاکرات پر بگڑے‘انٹرویو

اتوار 20 اپریل 2014 02:15

عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں سیاست کا تجربہ نہیں اور تجربہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی نے کہا ہے کہ عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں سیاست کا تجربہ نہیں ہے اور تجربہ کار ٹیم کی وہ سنتے نہیں،حکومت اور فوج کے تعلقات طالبان سے مذاکرات پر بگڑے‘ شام کے مسئلے میں سعودی عرب پاکستان کی مدد چاہتا ہے لیکن جس کام کیلئے مصر کو 8 ارب ڈالر دئیے گئے اس کام کیلئے ہمیں صرف ڈیڑھ ارب ڈالر میں ٹرخادیا گیا‘ یے جے پی جب بھی اقتدار میں آئی پاک بھارت تعلقات بہتر ہوئے جبکہ کانگریس کی موجودگی میں کشیدگی بڑھتی رہی۔

بے نظیر بھٹو ایک بہادر لیڈر تھیں‘ وہ زندہ ہوتیں تو پیپلزپارٹی کو کبھی نہ چھوڑتا۔ ایک انٹرویو میں سردار آصف احمد علی کا کہنا تھا کہ لوگ پیپلزپارٹی سے مایوس ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ایک خلاء پیدا ہوا اور اس خلاء کو ایک لبرل پارٹی تحریک انصاف نے پر کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

لوگوں نے اسے ووٹ دئیے لیکن اب وہ لبرل پارٹی نہیں رہی بلکہ جماعت اسلامی سے زیادہ رجعت پسند پارٹی بن گئی ہے۔

عمران خان نے سیاست میں بے پناہ حماقتیں کی ہیں۔ ایک دو حماقتیں تو سیاست میں چل جاتی ہیں زیادہ نہیں۔ تحریک انصاف چند سرمایہ داروں کے ہاتھوں میں ہے جس کی وجہ سے عمران خان سمیت کئی لیڈروں پر الزامات لگنا شروع ہوگئے۔ عمران خان کے پی کے حکومت کو چلنے نہیں دے رہے۔ وزیراعلی کو دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔ عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں سیاست کا تجربہ نہیں ہے اور تجربہ کار ٹیم کی وہ سنتے نہیں ہیں۔

عمران خان نے مجھے ٹکٹ دینے کی زبان دی تھی مگر وہ مکر گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے فیصلہ کیا ہوا تھا کہ پنجاب (ن) لیگ کو واپس دے دو اسلئے پنجاب میں الیکشن مہم نہیں چلائی گئی۔ پیپلزپارٹی نے بہت سے ترقیاتی کام کروائے مگر انہیں کیش نہیں کرایا۔ پیپلزپارٹی نے اگر اپنا وجود برقرار رکھنا ہے تو پھر بلاول بھٹو کو خود میدان میں آنا پڑے گا۔ اگر وہ والد کے نقش قدر پر چلے تو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ بلاول پندرہ روز لاہور میں بیٹھ جائیں پنجاب کی سیاست میں بھونچال آجائے گا۔ سابق صدر پرویز مشرف کیساتھ فوج نہ ہونے کی باتیں کاغذی ہیں، فوج کل بھی مشرف کیساتھ تھی اور آج بھی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات