اسٹیٹ بینک ڈی ایٹ ممالک کے مرکزی بینکوں کے اجلاس کی میزبانی کرے گا

اتوار 20 اپریل 2014 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) اسٹیٹ بینک مالی شمولیت اور اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے لیے ترقی پذیر 8 (D-8) ممالک کے مرکزی بینکوں کے ماہرین کا اجلاس منعقد کر رہا ہے۔ یہ اجلاس 21 اپریل 2014ء کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس (NIBAF) اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کا افتتاح اسٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر جناب اشرف محمود وتھرا کریں گے۔

ڈی۔8 ، آٹھ ترقی پذیر ملکوں کے درمیان تعاون کی تنظیم ہے۔ اس کے رکن ملکوں میں بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی شامل ہیں۔ ڈی 8 تنظیم برائے اقتصادی ترقی کے مقاصد میں عالمی معیشت میں تمام رکن ملکوں کی پوزیشن میں بہتری لانا، تجارتی روابط کو متنوع بنانا اور نئے مواقع پیدا کرنا، عالمی سطح پر فیصلہ سازی میں شرکت بڑھانا اور ان ملکوں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس پس منظر میں اس اجلاس کا انعقاد ان مقاصد کے حصول کی کوششوں کا تسلسل ہے۔اس اجلاس میں توجہ مالی شمولیت، برانچ لیس بینکاری اور اسلامی مالیات پر مرکوز کی جائے گی۔ ڈی ایٹ مرکزی بینکوں کے ماہرین ، نجی شعبے کی صنعت کے ارکان اور دیگر اہل کار اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ماہرین رکن ملکوں کے تجربات کا تبادلہ کریں گے اور ڈی ایٹ ملکوں میں مالی شمولیت، برانچ لیس بینکاری اور اسلامی مالیات میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔