پاکستان کو سیکولربنانے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ‘سراج الحق ،قائد اعظم محمد علی جناح  نے ایک بار نہیں درجنوں بار پاکستان کو اسلامی ملک بنانے کا اعلان کیا تھا، ملک کے آئین میں ریاست کا سرکاری مذہب اسلام اور اللہ کو حاکم اعلیٰ تسلیم کیا گیاہے‘اجلاس سے خطاب

اتوار 20 اپریل 2014 22:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کو سیکولربنانے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، قائد اعظم محمد علی جناح  نے ایک بار نہیں درجنوں بار پاکستان کو اسلامی ملک بنانے کا اعلان کیا تھا، ملک کے آئین میں ریاست کا سرکاری مذہب اسلام اور اللہ کو حاکم اعلیٰ تسلیم کیا گیاہے، جو لوگ ملک میں اسلامی نظام کی مخالفت کررہے ہیں ، وہ آئین سے انحراف اور لوگوں کو آئین شکنی کی دعوت دے رہے ہیں ، پاکستان کی خاطر قربانیاں دینے والے سب غریب تھے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ راولپنڈی میں جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور سرمایہ دار انگریزوں کی سرپرستی سے ملک کے اقتدار پر قابض ہو گئے ہیں ، تحریک پاکستان کے لاکھوں شہدا نے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے لیے نہیں بلکہ لاالہ الا اللہ کے لیے قربانیاں دی تھیں ۔

(جاری ہے)

سیاست کو جہالت اور ملک کو مفاد اور ڈالر پرستی سے پاک کرنا ہوگا ، جماعت اسلامی کو انتخابی نظام کی خامیوں کی وجہ سے ووٹ نہیں ملے ۔ جب تک سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کا مٹھی بھر طبقہ دولت کے بل بوتے پر انتخابات میں حصہ لیتا رہے گا ، غریب کو آگے آنے کا موقع نہیں ملے گا۔ اشرافیہ عوام کو اپنے مزارع اور غلام سمجھتی ہے ۔ عوام کو شودر اور خود کو برہمن سمجھنے والوں نے انگریزوں کی خدمت کر کے بڑی بڑی جاگیریں حاصل کیں۔

مجھے عدالتوں کی بے بسی پر افسوس ہوتاہے جو کئی مہینوں کی سماعت کے باوجود مشرف پر فرد جرم عائد کیے جانے کے باوجود سزا نہیں دے سکی ۔ جماعت اسلامی کی سیاسی جدوجہد کے اسلام پاکستان اور جمہوریت تین نکات ہیں ۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سکول اور کالج کے چوکیدار اور موچی، جولاہا ، نائی جیسے محنت کشوں کو اشرافیہ کے برابر کھڑا نہیں کر دیتے ۔

۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں محمد اسلم ، ضلعی امیر سجاد عباسی ، این ایل ایف کے صدر شمس الرحمن سواتی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے کہاکہ ہم بانیٴ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  کے فرمان کو پورا کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ پاکستان اسلامی جمہوری ملک ہے جس کے فکری رہنما علامہ اقبال  اور سید مودودی  تھے ۔

سراج الحق نے کہاکہ ہمارے لیے واشنگٹن ، لندن یا ماسکو نہیں بلکہ مدینہ کی اسلامی ریاست نمونہ ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ملک میں دوہرے نظام کی وجہ سے غریب کو جینے کا حق نہیں دیا جارہاہے ۔ ہماری جدوجہد غریب عوام کو ان کے حقوق دلوانے کی جدوجہد ہے ۔جماعت اسلامی فرقوں اور مصلحتوں کی نہیں اسلام اور پاکستان کی جماعت ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی دہشتگرد وں نے عام آدمی کا جینا حرام کر دیاہے ۔

غریب آدمی 200 روپے کا بل ادا نہ کرے تو اس کا میٹر کاٹ دیا جاتا ہے جبکہ بڑے لوگوں کے کروڑوں روپے کے بل معاف کر دیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیاست اور بیوروکریسی پر برہمنوں کا قبضہ ہے ۔ سٹیل ملز ، واپڈا اور پی ٹی سی ایل جیسے ادارے ان کی وجہ سے تباہ ہوئے ہیں ۔پولیس اور ایجنسیاں بھی ان کو پروٹوکول دیتی ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ اب یہ نہاری اور سری پائے کھا کر طاقتور نہیں ہوسکتے ۔

بہت جلد اس ملک میں حشر کا میدان برپا ہو نے والا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ڈالر اوپر چڑھتاہے تب بھی ان کے وارے نیارے ہوتے ہیں اور جب ڈالر کی قیمت کم ہوتی ہے تب بھی ان کے بینک بیلنس میں اضافہ ہوتاہے ۔ ملک کا مسئلہ ، کرپشن ، بے روزگاری اور جہالت کے ساتھ ساتھ ملک کا اصل مسئلہ یہی شرفا ہیں ۔ جب تک ان کے پیٹوں سے حرام کی دولت نہیں نکال لیتے ، عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں جاری سودی نظام اللہ کے غضب کو دعوت دے رہاہے جب تک سودی نظا م کی بجائے اسلام کا معاشی نظام اختیار نہیں کیا جاتا ، ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ شہباز شریف زرداری حکومت میں بار بار اعلان کرتے تھے کہ علی بابا چالیس چور وں کے پیٹ پھاڑ کر لوٹا ہوا مال نکلوائیں گے مگر آج وہ خاموش ہیں انہیں اپنی حکومت میں لوٹ مار اور کرپشن نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہاکہ ناقص تفتیش کی وجہ سے یہ لٹیرے عدالتوں سے بھی باعزت بری ہو جاتے ہیں اور ایک دوسر ے کی کرپشن کو بھی تحفظ دیتے ہیں ۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی نے نج کاری کے خلاف قرار داد پیش کی جس کو شرکا نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

متعلقہ عنوان :