6-7-8 ---- 60روز ،70کروڑ ،872میٹر طویل فلائی اوور !، شہبازشریف کے نئے دور کا پہلا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل

اتوار 20 اپریل 2014 19:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے موجودہ دورمیں بھی صرف 60روزمیں والٹن فلائی اوورکا منصوبہ مکمل کر کے عوام کی سہولت کے لئے پراجیکٹس کی کم مدت میں تیز رفتار تکمیل کے ریکارڈ کو برقرار رکھاہے- پنجاب حکومت کا یہ پہلا منصوبہ ہے جووزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے موجودہ دور میں انتہائی قلیل وقت میں مکمل کیا گیاہے- یہ منصوبہ 6-7-8 کا حسین امتزاج ہے یعنی منصوبے پر 60روز میں کام مکمل ہوا جبکہ 70کروڑ روپے کی لاگت سے 872میٹر طویل فلائی اوور بنایا گیاہے جس پروالٹن اور ڈیفنس کے علاقوں سے آنے والی روزانہ ڈیڑھ لاکھ گاڑیاں گزریں گی- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے فلائی اوور کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے پر دن رات کام کیا گیا اور تمام متعلقہ اداروں نے ایک ٹیم کے طو رپر منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا-انہوں نے بالخصوص ڈی جی ایل ڈی اے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے چھوٹے بھائی جیسے ہیں اور انتہائی محنتی او رایماندار افسر ہیں-یہی وجہ ہے کہ حکومت نے انہیں تمغہ ا متیاز بھی دیاہے-