ملک بھر کے تمام سرکاری ونجی بنکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کل سے شروع ہوگی،جنوبی اضلاع کیلئے حج پیکج دو لاکھ باسٹھ ہزار دو سو اکتیس روپے ، شمالی اضلاع کیلئے یہ رقم دو لاکھ 72 ہزار دو سو اکتیس روپے ہو گی،عازمین حجاج کی نصف تعداد براہ راست مدینہ منورہ جا سکے گی،کسی شخص کو بھی مفت حج نہیں کرایا جائے گا دینی فرض کی ادائیگی دین کے تقاضوں اور اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے،وفاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف کی گفتگو

اتوار 20 اپریل 2014 12:46

ملک بھر کے تمام سرکاری ونجی بنکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کل سے شروع ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) ملک بھر میں حج درخواستوں کی وصولی کل(پیرسے) شروع ہوگی،کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے بجائے ،پہلے آئیے پہلے پائیے،کی بنیاد پر ہوگاتاہم گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے والا اس سال حج پر نہیں جا سکے گا،رواں سال ایک لاکھ تینتالیس ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے،ان میں سے چھپن ہزار سرکاری اسکیم جب کہ چھیاسی ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت حجاز مقدس جائیں گے، قومی بنکوں سمیت تمام پرائیویٹ بنکوں میں درخواست گزار اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے ،جنوبی اضلاع کیلئے حج پیکج دو لاکھ باسٹھ ہزار دو سو اکتیس روپے ہو گا، شمالی اضلاع کیلئے یہ رقم دو لاکھ 72 ہزار دو سو اکتیس روپے ہو گی، اس رقم میں آنے جانے کا فضائی کرایہ اور وہاں قیام کے اخراجات شامل ہوں گے البتہ قربانی حجاج کرام کو اپنے خرچے سے کرنی پڑے گی،دوران حج انتقال کی صورت میں ورثا کیلئے معاوضہ تین لاکھ سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کر دیا گیا ہے،ادھروفاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف نے کہاہے کہ رواں سال کسی شخص کو بھی مفت حج نہیں کرایا جائے گا یہ اچھا فیصلہ ہے دینی فرض کی ادائیگی دین کے تقاضوں اور اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے،تفصیلات کے مطابق رواں سال بھی کوٹے میں 20 فیصد کمی کے ساتھ پاکستان سے 143368 خوش نصیب پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے ،کوٹے کو سرکاری و نجی سکیموں کے تحت نصف نصف تقسیم کیا جائے گا،قربانی کے واجبات کے بغیر حج پیکج 2 لاکھ 72 ہزار روپے پر مشتمل ہو گا،پاکستانی پیکج ریال کی 29 روپے قیمت کے حساب سے تیار کیا گیا ہے، فضائی کرایہ 107700 روپے ہو گا، حکومت پرائیویٹ حج ٹورز آپریٹرز کے پیکج کی بھی نگرانی کرے گی ،پیکچ کے تحت مطلوبہ سہولیات فراہم نہ کرنے والے آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی ،ٹوورآپریٹرز کو اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے،کراچی ، کوئٹہ ،سکھر پر مشتمل ساؤتھ ریجن سے جانے والے عازمین کو حج واجبات کے سلسلے میں 262231 روپے جمع کروانا ہونگے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پشاور، اسلام آباد، لاہور،ملتان ، رحیم یار خان، فیصل آباد ،سیالکوٹ کے علاقوں پر مشتمل نارتھ ریجن سے حج پر جانے والوں سے 272231 روپے حج واجبات کی مد میں وصول کئے جائیں گے،گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے والا اس سال حج پر نہیں جا سکے گا۔رہائش کی مد میں مکہ کے لئے 3000 ریال فی کس، اسی طرح مدینہ منورہ میں رہائش کے لئے 500 ریال وصول کئے جائیں گے ،5 فیصد کوٹہ ہارڈ شپ کیسز کے لیے مختص کیا گیا ہے،اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف نے کہاکہ سرکاری اسکیم کے تحت حجاج کی نصف تعداد براہ راست مدینہ منورہ جا سکے گی، گزشتہ 5 سال کے دوران حج ادا کرنیوالے شخص کو رواں سال حج پر نہیں بھجوایا جائے گا تاہم محرم اور حج بدل کرنیوالے اس شرط سے مستثنیٰ ہونگے۔

سردار یوسف نے مزید بتایا کہ رواں سال کسی شخص کو بھی مفت حج نہیں کرایا جائے گا۔ یہ اچھا فیصلہ ہے‘ دینی فرض کی ادائیگی دین کے تقاضوں اور اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :