امریکی سفیر کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم ملاقات،ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور دلچسپی کے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 19 اپریل 2014 22:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2014ء)پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم سے پی آئی اے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور دلچسپی کے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکن سفیر نے پی آئی اے کی بحالی اور پاکستانی ایئر پورٹس کو جدید بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے پی آئی اے کو منافع بخش بنانے اور ایئر پورٹس کی ترقی کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ایوی ایشن انڈسٹری میں تیز رفتار ترقی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے شجاعت عظیم کو یقین دلایا کہ امریکہ پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری کو وسعت دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ وہ ایوی ایشن انڈسٹری میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں امریکن ٹریڈ اینڈ ڈولپمنٹ کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

شجاعت عظیم نے پی آئی اے کی ترقی اور سول ایوی ایشن سیکٹر کو جدید بنانے کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جناب اولسن کا پاکستانی ایوی ایشن سیکٹر میں دلچسپی لینے اور ترقی کیلئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ آخر میں امریکن سفیر کو پی آئی اے کا سووینئر پیش کیا گیا۔