قومی ویمن سافٹ بال چمپئن شپ ، خیبر پختونخواہ ٹیم کی کھلاڑیوں اور کپتان کا امپائر کے فیصلے کے خلاف احتجاج

ہفتہ 19 اپریل 2014 13:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2014ء) قومی ویمن سافٹ بال چمپئن شپ کے پہلے روز خیبر پختونخواہ ٹیم کی کھلاڑیوں اور کپتان حاجرہ نے امپائر کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کیا ۔ تفصیلات کے مطابق چمپئن شپ کے پہلے روز کا آخری میچ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیاجس میں پنجاب کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔میچ کے دوران اور میچ کے اختتام پر خیبرپختونخواہ ٹیم کی کھلاڑیوں اور کپتان حاجرہ نے امپائر غلام مرتضیٰ کے فیصلوں کے خلاف گراؤنڈ میں احتجاج شروع کر دیا۔

حاجرہ نے الزام لگایا کہ امپائر کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے تھا جس کی وجہ سے میچ کے دوران اس نے اپنے صوبے پنجاب کی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے غیر جانبداری کا مظاہرہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بار پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے میچ میں اس طرح کے فیصلے کئے جائے تھے جس پر ہماری ٹیم کو نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر گراؤنڈ میں موجود پاکستان سافٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر خان لہری، پاکستان آرچڑی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد ویصال خان، چمپئن شپ کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر وحید بابر اور آرگنائزنگ سیکرٹری محمد رمضان قصوری بھی حرکت میں آگئے اور انہوں نے فور ی طور پراس مسئلے پر خیبرپختونخواہ کی کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں صحافیوں کے سامنے احتجاج کرنے سے روکا اور معاملے کو رفع دفع کروا دیا تاہم خیبرپختونخواہ کی کھلاڑی غصے میں تھیں پاکستان سافٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر خان لہری نے کہاکہ کوئی بھی امپائر جان بوجھ کر کسی بھی ٹیم کے خلاف فیصلہ نہیں دیتا کیونکہ وہ ٹیم اس فیصلے کو چیلنج کر دیتی ہے یہ چھوٹے موٹے فیصلے کسی وقت امپائر ز سے ہوجاتے ہیں۔

لیکن ان فیصلوں کو در گذر کرنا چاہئے۔واضع رہے کہ چمپئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہے اور چیمپئن شپ میں کسی بھی محکمے کی ٹیم نے حصہ نہیں لیا۔

متعلقہ عنوان :