قومی ٹیم کے نئے کوچز کا اشتہار محض دکھاوا ہے، راشد لطیف

ہفتہ 19 اپریل 2014 12:23

قومی ٹیم کے نئے کوچز کا اشتہار محض دکھاوا ہے، راشد لطیف

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2014ء) سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے پی سی بی کی جانب سے کوچز کے لیے اشتہارات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب کچھ دکھاوا اورخانہ پری کے لیے ہے، پسندیدہ اور منظور نظر افراد کو نوازنے کے لیے معا ملات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعے کو عربین سی کنٹری کلب میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے کہا کہ کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ، کوچ اور منیجر لابنگ کے ذریعے ہی آتے رہے ہیں، پی سی بی کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کرنے والے راشد لطیف نے کہا کہ اب یہ باب بند ہو چکاہے لیکن اگر بورڈ کو میرے مشوروں کی ضرورت پڑی تو اپنی رائے ضرور دوں گا، انھوں نے کہا کہ 2ہفتوں کے تربیتی کیمپ میں افغان کرکٹرز کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی، اس ٹیم میں ایسے کرکٹرز موجود ہیں جو محنت کریں تو مستقبل میں معیاری کرکٹرز بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا افغان ٹیم کی تربیت کرنے والے ایک اور سابق قومی ٹیسٹ کپتان عامر سہیل نے کہا کہ پی سی بی میں اس وقت براجمان بیشتر افراد ماضی میں متنازع رہے ہیں، ایسے افراد کی موجودگی میں پاکستان کرکٹ بہتر نہیں ہو سکتی، بورڈ کو چاہیے کہ وہ سپرلیگ کے انعقاد کی کوششوں کو تر ک کرکے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کی کو شش کرے ، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کا نظام صرف بنگلہ دیش اور افغانستان سے ہی بہتر ہے، انھوں نے کہا کہ افغان ٹیم میں سیکھنے کا جذبہ موجود ہے۔ واضح رہے کہ افغان کرکٹ ٹیم مستقبل کے ایونٹس کی تیاریوں کیلیے حالیہ دنوں کراچی میں موجود ہے اور دونوں سابق پاکستانی کپتان مہمان ٹیم کو اپنے تجربے سے مستفید کریں گے۔

متعلقہ عنوان :