ناقابل تسخیر دفاع کیلئے فوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جائیں گے، وزیراعظم

ہفتہ 19 اپریل 2014 11:46

ناقابل تسخیر دفاع کیلئے فوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جائیں گے، ..

کاکول(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2014ء) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کے ناقابل تسخیردفاع کے لئےفوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کریں گے۔ کاکول میں 129ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی قیادت کی تیاری کا ایک اعلیٰ ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس عظیم ادارےمیں پاک فوج کے نوجوان افسران کے غیر متزلزل تصورات کو تقویت دی جاتی ہے کیونکہ انہیں مستقبل میں مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، اس لئے مستقبل میں کبھی نہ بھولیں کہ قوم ان پر بھرپور اعتماد کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے نئے افسران عظیم اور بہادر مجاہدوں کی طرز پر قدم رکھ رہے ہیں۔

ان کے سامنے کئی شکلوں اور قسموں میں چیلنجز آئیں گے لیکن قوم ان کی پشت پر متحد کھڑی ہوگی۔ حکومت ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے لئے فوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کرے گی، مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ملکی دفاع کی مضبوطی ناممکن ہے۔ ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لئے مل جل کر کام کرنا ہوگا اور ایک دن ہماری قوم مشکلات اور امتحانات میں کامیابی سے سرخرو ہوگی۔