کراچی میں کارکنوں کاماورائے عدالت قتل،یم کیو ایم خیبر پختونخوا سراپااحتجاج، سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار ایم کیو ایم کے کارکنوں کو اٹھاکر ان کو غائب کردیتے ہیں،واقعے میں ملوث افراد کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیاجائے گا۔مظاہرین

جمعہ 18 اپریل 2014 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) ایم کیو ایم خیبر پختونخوا نے کراچی میں اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاجس کی قیادت پشاور کے انچارج اصغر شاہ آفریدی ‘ جنید حبیب ‘ کوہاٹ انچارج عبد القدیر ‘ چارسدہ انچارج فرہاد اللہ ‘ مردان انچارج ہدایت خان اور ڈاکٹر نویدنے کی ۔

مظاہرے میں شریک کارکنان نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ کراچی میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار ایم کیو ایم کے کارکنوں کو اٹھاکر ان کو غائب کردیتے ہیں جبکہ ان پر بے پناہ تشدد بھی کیا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان ان واقعات کا از خود نوٹس لیتے ہوئے 45 لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احکامات جاری کرے اور 300 ایم کیو ایم کے قتل کئے جانے والے کارکنوں کے قتل کی انکوائری کی جائے انہوں نے وفاقی حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا از خود نوٹس لیا جائے اور واقعے میں ملوث افراد کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیاجائے گا۔