صوبے کے فیڈرز کاٹنے اور بجلی کی بندش کاعمل قابل مذمت ہے شوکت یوسفزئی،بے گناہ عوام کیلئے مشکلات پیدا نہ کی جائیں،فیڈرز فوری بحال کئے جائیں وزیر صنعت کا پیسکو اور وفاق سے مطالبہ

جمعہ 18 اپریل 2014 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صنعت شوکت علی یوسفزئی نے پیسکو کی جانب سے فیڈرز کاٹنے اور بجلی کی بندش کو انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک امر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فیڈر فوری طور پر بحال کئے جائیں کیونکہ بجلی کی بندش سے وہ بے گناہ صارفین جو باقاعدگی سے بل اداکر رہے ہیں انہیں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ بجلی چوروں کو تحفظ نہیں دیناچاہتے وفاق اور پیسکو کو چاہیے کہ وہ بجلی چوروں کو پکڑیں لیکن بے گناہ عوام کیلئے مشکلات پیدانہ کریں محض شاہ فرمان اور شوکت یوسفزئی کا علاقہ ہونیکی وجہ سے عوام کو انکے حقوق سے محروم رکھنا قابل مذمت فعل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں سے جاری ہونے والے اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا بجلی خود بنارہاہے جبکہ گزشتہ ایک دہائی سے اسے بدترین دہشت گردی کا سامنا بھی ہے لیکن وفاقی حکومت اسے خصوصی مراعات دینے کی بجائے بجلی بند کر کے عوام میں مزید احساس محرومی پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور واپڈااب بھی خیبر پختونخواکے مقروض ہیں اور وہ باوجود اس کے بجلی بند کر کے پختون دشمنی کا واضح ثبوت دے رہے ہیں۔

شوکت علی یوسفزئی نے مزید کہاکہ بجلی دیگر صوبوں میں بھی چوری ہو رہی ہے لیکن صرف خیبر پختونخوا کو نشانہ کیوں بنایاجا رہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ وہ بجلی چوروں کو کسی صورت بھی تحفظ نہیں دینا چاہتے ۔وفاق کو چاہیے کہ وہ بجلی چوروں کو پکڑیں وہ بھر پور تعاون کریں گے مگر بل اداکرنے والے بے گناہ عوام کو بجلی سے محروم کر کے انکے لئے مشکلات پیدانہ کی جائیں ۔

وزیر صنعت نے کہا کہ بجلی کی بندش سے گرمی کی شدت سمیت عوام کو پانی کی قلت کا سامنا بھی ہے۔ لوگوں کو نماز پڑھنے میں دقت ہو رہی ہے مزید برآں صوبے کی صنعتوں کو بھی خاطرخواہ نقصان ہو رہا ہے۔شوکت یوسفزئی نے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ محض ان کا علاقہ ہونے کی وجہ سے بشام کی بجلی بند کی گئی ہے حالانکہ بشام کے عوام باقاعدگی سے بل اداکر رہے ہیں۔

بجلی کی بندش کی وجہ سے عوام آئے روز احتجاج کرتے ہیں اور شاہراہ ریشم کو بند کیا جا رہا ہے جس سے امن و امان کامسئلہ بھی پیدا ہو رہا ہے انہوں نے وزیر اعظم پاکستان پر زور دیا کہ وہ عابد شیر علی کو لگام دیں اور خیبر پختونخواکے بے گناہ عوام کی حق تلفیوں کا نوٹس لیں اگر وہ صوبائی حکومت اور عوام کو مراعات نہیں دے سکتے توکم از کم مزید مشکلات بھی پیدا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بشام کے علاقہ خان خوڑ میں بجلی گھر کی تعمیر کے وقت عوام سے وعدہ کیا گیاتھا کہ نہ صرف ان کو بجلی کی مناسب مقدار دی جائے گی بلکہ انکے دیگر حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا۔ مذکورہ منصوبے سے علاقے کی پن چکیاں بھی ختم ہو گئیں ہیں مگر اس وقت عوام سے وعدے کرنے والے اب وفاقی حکومت میں وزیر اور مشیر بنے بیٹھے ہیں اور انہیں اپنے وعدے یاد نہیں بلکہ الٹا وہ عوام کیلئے مشکلات پیداکرنے میں مصروف عمل ہیں۔

متعلقہ عنوان :