تھر کے لوگوں کو پینے کا صاف میٹھاپانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام آر او پلانٹس کو فنگشنل کیا جائے،آصف علی زرداری ، جہاں جہاں آر او پلانٹس پر کام چل رہا ہے وہاں ترجیح بنیادوں پر کا م مکمل کیا جائے ،سابق صدر مملکت کی مٹھی کے دورے کے موقع پر ہدایت

جمعہ 18 اپریل 2014 19:48

تھر کے لوگوں کو پینے کا صاف میٹھاپانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ..

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) سابق صدرِ پاکستان و شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے جمعہ مٹھی میں تھر کول دفتر کے قریب آر او پلانٹ کا دورہ کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر ارشاد حسین کو ہدایت کی کہ تھر کے لوگوں کو پینے کا صاف میٹھاپانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام آر او پلانٹس کو فنگشنل کیا جائے اور خرابی کی صورت میں ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائی جائے ۔

دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن،صوبائی وزیر لائیواسٹاک جام خان شورو،صوبائی وزیر زکواة وعشر دوست محمد راہموں ،صوبائی مشیر مالیات و انرجی سید مراد علی شاہ،ایم این اے فقیر شیر محمد بلالانی،ایم پی ایز مہیش ملانی،نواب تیمور تالپر،ریلیف کوآرڈینیٹر تاج حیدر،کمشنر میرپورخاص ساجد جمال ابڑو،ڈی آئی جی پولیس میرپورخاص امین یوسفزئی،ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف اکرام اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں آر او پلانٹس پر کام چل رہا ہے وہاں ترجیح بنیادوں پر کا م مکمل کیا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ تھر کے لوگوں کو پینے کا صاف میٹھا پانی فراہم ہوسکے اور وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر آر او پلانٹس ارشاد حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس آر او پلانٹ میں 75ہزار گیلن پانی کی گنجائش ہے جس سے تقریباً25سے 30ہزار لوگوں کو میٹھا پانی فراہم ہوسکتا ہے اور کہا کہ اس وقت پورے تھرپارکر ضلع میں 48آر او پلانٹ کام کررہے ہیں جبکہ 25آراو پلانٹس پر ترجیح بنیادوں پر کام جاری ہے جنہیں جلد مکمل کیا جائیگا۔

اس سے قبل سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سول ہسپتال مٹھی میں ایک ماہ سے کم عمربچوں کی نرسری اور ایک ماہ سے زائد عمر کے بچوں کے وارڈ پیڈس اینڈ نیوٹریشن اسٹیبللائزیشن سینٹراورکمبائن فیملی وارڈکا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور دی جانیوالی صحت کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کا نظام بہتر کیا جائے،معصوم بچوں اور خواتین کی سخت نگہداشت کی جائے اور مریضوں کو ہر ممکن صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بچے اور خواتین صحتیاب ہوسکیں۔

بعد اذاں بحریہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اس موقع پر آصف زرداری کو بتایا گیا کہ بحریہ فاوٴنڈیشن صحت ،آراو پلانٹس اور تعلیم کی بہتری کیلئے کام کررہی ہے بحریہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے 4موبائل ٹیمیں اور ایک او پی ڈی کیلئے کنٹینر بھی مہیا کیا گیا ہے ۔بحریہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے گونگے بہرے اور دل میں سوراخ والے بچوں کو علاج کیلئے لاہور روانہ کیا جارہا ہے ۔