لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے نظام زندگی تہس نہس کردیا،مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق ،متعدد ،درخت گرنے سے کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں ،ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار رہا ،نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ،کئی مقامات پر بارش کا پانی گوداموں اور گھروں میں داخل ہونے سے لاکھوں مالیت کا سامان تباہ ،بجلی کا ترسیلی نظام میں بھی خلل ،بجلی بند ہونے سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے ،پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے‘ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ،اندرون اور بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طر ف موڑ دیا گیا۔ تفصیلی خبر

جمعہ 18 اپریل 2014 19:48

لاہور/فیصل آباد/ملتان/گوجرانوالہ/مریدکے/مری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے نظام زندگی تہس نہس کر کے رکھ دیا ،مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ، مختلف مقامات پر درخت گرنے سے کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار رہا ،نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا جبکہ کئی مقامات پر بارش کا پانی گوداموں اور گھروں میں داخل ہونے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہو گیا ،طوفانی ہواؤں اور موسلار دھار بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام میں بھی خلل آیا اور بجلی بند ہونے سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا تاہم سہ پہر کے بعد اچانک طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش او رژالہ باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جس سے ہر طرف جھل تھل ہو گئی ۔

(جاری ہے)

لاہور، مری، ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ اور خانیوال سمیت دیگر شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور شاہراہوں پر بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ۔

ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میاں چنوں، سمندری اور گرد و نواح میں بھی بوندا باندی سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔گوجرانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ لاہور میں مناواں کے علاقے میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے تین افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ۔

لاہور سمیت دیگر شہروں میں آندھی کے باعث ہورڈنگز بورڈ اور درخت گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔میو ہسپتال میں درخت گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ درخت کے نیچے کھڑی تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں کے علاوہ اہم شاہراہوں پر بھی پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا جسکی وجہ سے ٹریفک جام رہی ۔

کئی علاقوں میں بارش کا پانی گوداموں اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لاکھوں روپے کا سامان تباہ ہو گیا ۔ضلعی انتظامیہ نے واسا اہلکاروں کو گھروں سے بلا یا تاہم کئی علاقوں میں گھنٹوں گزرنے کے باوجود بارش کا پانی نہ نکالا جا سکا ۔شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ صرف لاہور میں 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے ۔

طوفانی ہواؤں اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ۔خراب موسم کے باعث اندرون اور بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا ۔کوالالمپور سے لاہور آنیوالی پی آئی اے کی پروازپی کے 899کا رخ کراچی ائیر پورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، ابو ظہبی سے لاہور آنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز431کو بھی کراچی ،بہاولپور سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 586کو ملتان بھجوا دیا گیا ۔ بتایاگیا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے متعدد پروازوں کی آمد و روانگی بھی متاثر ہوئی جسکی وجہ سے مسافروں او رانکے عزیز و اقار ب کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔