کارکنوں کے قتل پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے، الطاف حسین

جمعہ 18 اپریل 2014 18:03

کارکنوں کے قتل پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اپریل 2014ء) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر حکومت کی مسلسل خاموشی انتہائی معنی خیز ہے۔ لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے کارکنوں قاسم علی شاہ اور محمد علی خان کے قتل کی پرزوز مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کے مسلسل قتل پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں اور ہر ظلم کے خلاف آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں، ظلم کرنے والے خود مٹ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کو غیرقانونی طورپر حراست میں رکھنے اوران کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات انسانیت پر یقین رکھنے والے ہر فرد کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریاں، گرفتاریوں کے بعد انہیں لاپتہ کرنے اور حراست کے دوران وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ماورائے عدالت قتل کرنے کے واقعات پر حکومت وانتظامیہ کی مسلسل خاموشی انتہائی معنی خیز ہے۔

جب مظلوموں پر ظلم وستم کی انتہاء کردی جائے اورکوئی مظلوموں کا پرسان حال نہ ہوتو رحمت خداوندی جوش میں آتی ہے، مجھے یقین ہے کہ بے گناہ کارکنان و ہمدردوں پر ظلم ڈھانے والے اوران کے سرپرست اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ہرگز نہیں بچیں گے اور ان پر جلد قہر خداوندی ٹوٹے گا۔

ایم کیو ایم کے قائد نے ارباب اختیار واقتدار سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے کارکنان کی مسلسل غیرقانونی گرفتاری اور حراست کے دوران انہیں ماورائے عدالت قتل کرنے کے واقعات کا فوری نوٹس لیاجائے اور سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ آج صبح کورنگی کراسنگ سے 2 افراد کی تشدد زدہ بوری بند لاشیں ملیں تھیں جن کی شناخت قاسم علی شاہ اور محمد علی خان کے ناموں سے ہوئی تھی دونوں ایم کیو ایم کے اورنگی ٹاؤن قصبہ علی گڑھ کے کارکن تھے۔