Live Updates

سپریم کورٹ نے چیرمین نیب کی تقرری کیخلاف عمران خان کی درخواست خارج کردی

جمعہ 18 اپریل 2014 13:25

سپریم کورٹ نے چیرمین نیب کی تقرری کیخلاف عمران خان کی درخواست خارج ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اپریل 2014ء) سپریم کورٹ نے چیرمین نیب قمر زمان چودھری کی تقرری کیخلاف عمران خان کی درخواست خارج کر دی ہے۔ چیرمین نیب قمرزمان کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالتی معاون خواجہ حارث نے بتایا کہ نیب ایکٹ کے تحت قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف میں مشاورت ضروری ہے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اپوزیشن لیڈر کیسے تعینات ہوتا ہے؟ کیا وہ دوسری بڑی سیاسی جماعت سے ہوتا ہے یا جسے سب سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہو۔

اس موقع پر سید خورشید شاہ کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر وہ ہوتا ہے جس کو سب سے زیادہ اپوزیشن ارکان کی حمایت حاصل ہو۔

(جاری ہے)

جسٹس سرمد جلال عثمانی نے ریمارکس دیئے کہ صدر ربڑ اسٹمپ نہیں، آصف علی زرداری کا معاملہ مختلف ہے وہ تو وزیراعظم سے بھی زیادہ بااختیار تھے جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صدر وزیراعظم کی سفارش ماننے کا پابند ہے۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے وکیل اعتزاز احسن نے درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے چیرمین نیب کی تقرری کی حمایت کی، چیرمین نیب کی تقرری کے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے، چیرمین نیب کی تقرری کے خلاف درخواست سے متعلق کوئی قانونی جواز نہیں بنتا اگر عمران خان تبدیلی چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی درخواست مسترد کر دی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات