پاکستان ہاکی مشکلات سے دوچار ہے، سینئر کھلا ڑیوں کی اہم عہدے پر تقرری سے قومی ہاکی کو فائدہ ہوگا، منظور ا لحسن

جمعہ 18 اپریل 2014 13:03

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اپریل 2014ء) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے چیف کوچ سابق قومی ہاکی کپتان منظور الحسن نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی مشکلات سے دوچار ہے، سینئر کھلا ڑیوں کی اہم عہدے پر تقرری سے قومی ہاکی کو فائدہ ہوگا، اپنے اسٹاف پر کوئی تحفظات نہیں ،جونیئر سلیکشن کمیٹی کے بھی حق میں نہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ہاکی مشکلات سے دوچار ہے، سینئر کھلا ڑیوں کی اہم عہدے پر تقرری سے قومی ہاکی کو فائدہ ہوگا، وہ اپنے تجر بہ سے ہاکی میں بہتری لا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فوری طور پر اس کھیل میں تبدیلی نہیں آسکتی، اس کے لئے ایک سے دو سال کا عرصہ درکار ہوگا۔

2016 کے جونیئر ورلڈ کپ کے لئے نئی ٹیم تشکیل دی جائے گی کیونکہ پرانی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی سینئر ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس ماہ کے آخر میں قومی جونیئر ہاکی چیمپئین شپ کے دوران نئے کھلاڑیوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا جس کے بعدورلڈ کپ کو ٹارگیٹ بنا کر تیاری شروع کی جائے گی۔ جونیئر سطح پر اچھے کھلاڑیوں کی تلاش صرف قومی ایونٹ سے نہیں کی جائے گی، ہم ملک کی ہر ایسو سی ایشن سے درخواست کریں گے کہ وہ کھلاڑی جو قومی ایونٹ نہیں کھیل سکے ہیں اگر وہ باصلاحیت ہیں تو انہیں تربیتی کیمپ میں بھیجیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے قیام کے حق میں نہیں ہیں صرف ایک سلیکشن کمیٹی ہونی چاہیے، دنیا کے کسی بھی ملک میں دو سلیکشن کمیٹی نہیں ہوتی ہے، منظور الحسن نے کہا کہ اپنے کوچنگ اسٹاف پر مکمل اعتماد ہے، ان کے تعاون سے اچھے کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی میں اس وقت کھلاڑیوں کی تعداد بہت کم ہے، نئے کھلاڑیوں کی اس کھیل میں دلچسپی ختم ہوگئی ہے، غیر ملکی ٹیمیں پاکستان نہیں آرہی ہیں، فنڈ کی کمی کی وجہ سے ہم یورپی ٹیموں کے ساتھ نہیں کھیل رہے ہیں، ہمیں جونیئر ٹیم کے یورپی دورے کو اہمیت دینا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :