وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے دبئی اسلامک بینک اور نومرا انٹرنیشنل پر مشتمل کنسورشیم وفد کی ملاقات ، ہماری اسٹاک مارکیٹ بھی اقتصادی بہتری کی جانب واضح اشارہ دے رہی ہے ،وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار ،پاکستان کی مالی و اقتصادی شعبہ میں بہتری نظر آ رہی ہے ، سرمایہ کاروں کے لئے حوصلہ افزاء صورتحال ہے ،وفد دبئی اسلامک بینک

جمعرات 17 اپریل 2014 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہماری اسٹاک مارکیٹ بھی اقتصادی بہتری کی جانب واضح اشارہ دے رہی ہے وہ یو بی ایس، دوبئی اسلامک بینک اور نومرا انٹرنیشنل پر مشتمل کنسورشیم کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، وزارت خزانہ کے مشیر رانا اسد امین اور وزیر خزانہ کے معاون خصوصی شاہد محمود بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کے اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے رجحان اور اقتصادی ترقی کے لئے حکومت کے وضع کردہ روڈ میپ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی مالیاتی مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی صورت میں ظاہر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری اسٹاک مارکیٹ بھی اقتصادی بہتری کی جانب واضح اشارہ دے رہی ہے۔

انہوں نے وفد کو سرکاری شعبہ کے کاروباری اداروں کی نجکاری سے متعلق پیشرفت سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ نجکاری کمیشن اس سلسلے میں کابینہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی ٹائم لائن کی پیروی کر رہا ہے۔ اس موقع پر یو بی ایس کے نمائندہ ڈیگو پگنا ٹیلی نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق اپنے ادارہ کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مالی و اقتصادی شعبہ میں بہتری نظر آ رہی ہے جو سرمایہ کاروں کے لئے حوصلہ افزاء صورتحال ہے۔

انہوں نے کنسورشیم کی جانب سے حکومت کے نجکاری پروگرام میں شرکت کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ بزنس کرنا چاہتے ہیں اور ہماری توجہ پاکستان میں کامیاب سرمایہ کاری کرنے پر مرکوز ہے۔ دوبئی اسلامک بینک کے انٹرنیشنل ڈویژن کے سربراہ انور بلغمی نے پاکستان میں اسلامی پروڈکٹس متعارف کروانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ ان کا بینک سکوک بانڈ کے اجراء پر کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہم غیر ملکی ترسیلات کا بانڈ بھی جاری کرنا چاہتے ہیں جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب ملے گی۔

متعلقہ عنوان :