اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک ارب 60 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی

جمعرات 17 اپریل 2014 22:00

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک ارب 60 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ماہ رمضان کے لیے ایک ارب 60 کروڑ روپے کے پیکج کی منظوری دے دی جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر کھانے کی اشیاء بھی سستی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا جس میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ماہ رمضان کے لیے ایک ارب 60 کروڑ کے پیکج کی منظوری دی جبکہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کھانے کی اشیاء بھی سستا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق رمضان میں 100 کے قریب اشیائے ضروریہ پر 5 سے 10 فیصد تک رعایت دی جائے گی اور یوٹیلٹی اسٹورز پر 17 اشیا 10 روپے فی کلو سستی ملیں گی۔

(جاری ہے)

رمضان پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا مارکیٹ سے 6 روپے فی کلو سستا فراہم کیا جائے جبکہ چینی،دالیں،بیسن اور گھی پر 10 روپے فی کلو ریلیف فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے چائے پر فی کلو 50 روپے اور مشروبات پر 10 روپے فی بوتل ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں سونے کی درآمد پر پابندی ختم کرتے ہوئے امپورٹرز کو ماہانہ 10 کلو سونا درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی۔