محکمہ منرل اور مائننگ کی ترقی پر صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے،علی امین گنڈاپور،خیبر پختونخوامیں بہت سے قدرتی ذخائر موجود ہیں جو ملک کے زر مبادلہ،روزگار اور آمدنی میں اضافہ میں بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں،صوبائی وزیرمال

جمعرات 17 اپریل 2014 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر مال علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ محکمہ منرل اور مائننگ کی ترقی پر موجودہ صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس کی ترقی کے لئے تمام ضروی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوامیں بہت سے قدرتی ذخائر موجود ہیں جو ملک کے زر مبادلہ،روزگار اور آمدنی میں اضافہ میں بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں فرانسیسی انجینئر جیرم برنارڈ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سیکرٹری مائننگ اینڈانڈسٹری عبدالرشید،ایم این اے حامد الحق اور فیصل امین خان گنڈا پور بھی موجود تھے۔علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے محکمہ منرل اینڈ مائننگ کو مکمل نظر اندازکیا جس کی وجہ سے اس محکمے کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا مگر موجودہ صوبائی حکومت منرل اینڈ مائننگ ملازمین کو باقاعدہ طور پر تربیت دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ معدنی وسائل حاصل ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر مال نے کہا کہ پہلے کارکنوں کو ٹرانسپورٹ،امن و امان اور وسائل کی کمی کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا تھا مگر اب موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کی وجہ سے کافی حد تک ان مشکلات پر قابو پا لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منرل اینڈ مائننگ کی تلاش کے لئے سروے کیا جا رہا ہے اور 13نئے بلڈوزرز خریدے جا رہے ہیں تاکہ کام کی رفتار کو تیز تر کیا جائے اور ہنر مندوں کو مزید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ منرل اینڈمائننگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید ترقی دی جائے گی جس سے اگلے سال محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔اس موقع پر فرانسیسی ماہر انجینئر جیرم برنارڈ نے صوبے کی منرل اینڈ مائننگ انڈسٹری کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ہم ہر قسم کا تعاون فراہم کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ذخائر عوام کی سہولیات کے لئے فراہم کئے جاسکیں۔