مذاکرات کی کامیابی کے لئے طالبان کی جانب سے جنگ بندی ضروری ہے، پروفیسر ابراہیم

جمعرات 17 اپریل 2014 11:44

مذاکرات کی کامیابی کے لئے طالبان کی جانب سے جنگ بندی ضروری ہے، پروفیسر ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17اپریل 2014ء) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کے لئے طالبان کی جانب سے جنگ بندی ضروری ہے اس سلسلے میں اگر ان سے مذاکرات کیلئے بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔ پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ طالبان کی شوریٰ نے براہ راست مذاکرات میں حکومت کو مطالبات پیش کئے گئے تھے اس سلسلے میں کسی بھی فیصلے پر پہنچنے میں حکومت کی جانب سے انتہائی سست روی کا مظاہرہ کیا گیا، کمیٹی طالبان کی جانب سے ظاہر کئے گئے تحفظات پر حکومت سے بات کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے، اس لئے وہ اس سلسلے میں طالبان سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم اس سلسلے میں انہیں چند رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ان کی مولانا سمیع الحق اور طالبان کمیٹی کے رابطہ کار مولانا یوسف شاہ سے آج ملاقات کا امکان ہے جس میں طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع نہ کئے جانے سے متعلق مشاورت کی جائے گی، اس بات کا بھی امکان ہے کہ طالبان شوریٰ کو جنگ بندی میں توسیع پر آمادہ کرنے کے لئے کمیٹی کے ارکان خود وزیرستان جائیں۔