پی سی بی کا قومی ٹیم کے لیے کوچ اور دیگر عہدوں پر تقرریاں براہ راست نہ کرنے کا فیصلہ ،باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا،مینجمنٹ کمیٹی نے بورڈ میں آئندہ ہونیوالے انتخاب کے لیے احمد شہزاد فاروق کو پی سی بی کا الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی

بدھ 16 اپریل 2014 23:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کے لیے کوچ اور دیگر عہدوں پر تقرریاں براہ راست کرنے کی بجائے ان عہدوں کے لیے باقاعدہ اشتہار دینے کا فیصلہ کیا ہے ،مینجمنٹ کمیٹی نے بورڈ میں آئندہ ہونیوالے انتخاب کے لیے احمد شہزاد فاروق کو پی سی بی کا الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی ۔

پاکستان کرکٹ بورد کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نجم سیٹھی کی صدارت میں بورڈ کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کو آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں پی سی بی کی طرف سے بگ تھری کی مشروط حمایت کے لئے موقف ،آئندہ آٹھ سالوں کیلئے ٹیسٹ کھیلنے والے مختلف کرکٹ بورڈز سے باہمی معاہدوں اور بھارت سے سیریز کے انعقاد کے لئے پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے اراکین کو بورڈ کی طرف سے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی سزا پر نظر ثانی کی درخواست اور آئی سی سی کی صدارت کیلئے پاکستان کی طرف سے نامزدگی بارے بھی آگاہ کیا گیا ۔ مینجمنٹ کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی کے آئی سی سی کے اجلاس میں بورڈ کی بھرپور نمائندگی کو سراہتے ہوئے اسے بڑی کامیابی قرار دیا ۔اجلاس میں حال ہی میں ہونیوالے ایشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے مینجمنٹ کی رپورٹ بھی زیر بحث آئے ۔

اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ قومی ٹیم کے لیے کوچ اور دیگر عہدوں پر براہ راست تقرری نہیں کی جائے گی اور قومی ٹیم کے کوچ،بیٹنگ کوچ،فیلڈنگ کوچ،ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ کے لیے باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا جس کے بعد کمیٹی ان عہدوں کے لیے امیدوار کا انتخاب کرے گی۔

متعلقہ عنوان :