کسی بھی صورت ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے نہیں اُترنے دینگے،سراج الحق،پاکستان میں آمریت کیلئے کوئی گنجائش نہیں رہی ، پوری قوم ملک میں جمہوری عمل کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہے، حکومت طالبان مذاکرات کو ملک بھر میں عوامی حمایت حاصل ہے،مذاکرات کی کامیابی کیلئے دونوں شریفوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے، امیر جماعت اسلامی

بدھ 16 اپریل 2014 21:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی صورت ملک کو جمہوریت کی پٹری سے نہیں اُترنے دینگے ، پاکستان میں آمریت کے لئے کوئی گنجائش نہیں رہی ۔ پوری قوم ملک میں جمہوری عمل کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہے۔ حکومت طالبان مذاکرات کو ملک بھر میں بھر پور عوامی حمایت حاصل ہے۔ تاہم مذاکرات کی کامیابی کیلئے دونوں شریفوں یعنی وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔

جماعت اسلامی کو اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مختصر عرصے میں ملک کی مقبول ترین سیاسی و عوامی جماعت بنا دینگے ۔ جماعت اسلامی کا شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی کا حقیقی اسلامی ، جمہوری اور عوامی امیج کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پُر امن ، آئینی اور جمہوری ذرائع سے ملک میں تبدیلی اور انقلاب کے لئے کوشاں ہے۔ خفیہ ، زیر زمین اور مسلح جدوجہد کے ذریعے تبدیلی ہمارا طریقہ کار نہیں اور نہ ہی یہ ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔

خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ اور انہیں اپنا یہ کردار ملناچاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کی مرکزی میڈیا کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمدا نور خان نیازی نے کی جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈوکیٹ کے علاوہ وقاض انجم جعفری ، شمس الرحمن شمسی، عبدالرحمن اور محمد اقبال نے شرکت کی، جبکہ شباب ملی کے مرکزی صدر حافظ عتیق الرحمن نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک کے ہر ادارے کو اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ ہر ادارہ اپنے آئینی حدود میں رہے گا تو مسائل پیدا نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت پر شب خون مارنے اور جمہوری عمل کو سبو تاژ کرنے کے خلاف پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو یک آواز او ریک زبان ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرجمہوری عمل کو لپیٹنے کی کوشش کی گئی تو تمام تر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جماعت اسلامی ملک کی تمام سیاسی اور جمہوری جماعتوں کے ساتھ ملک کر آمریت کا راستہ روکے گی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے شعبہ نشرواشاعت کو سائنسی بنیادوں پر منظم کرنے کیلئے متعدد تجاویز پر غور ہوا۔