سری لنکن کرکٹ بورڈ نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی

بدھ 16 اپریل 2014 12:39

کولمبو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اپریل 2014ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ اس سال سری لنکا میں انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ۔افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کبیر خان نے برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی ہے اور اس دورے کے موقعے پر افغانستان کی کرکٹ ٹیم پاکستان اور سری لنکا سے میچ کھیلنا چاہتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں سری لنکن کرکٹ بورڈ نے آمادگی ظاہر کردی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے کبیر خان نے کہا کہ جس طرح آسٹریلوی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز کے موقع پر افغانستان سے ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا اسی طرح اگر افغانستان کو سری لنکا اور پاکستان سے ایک ایک میچ بھی کھیلنے کو مل گیا تو اس کا ان کی ٹیم کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

کبیرخان نے کہا کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم اس سال ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں وہ ویسٹ انڈیز اے اور آئرلینڈ کی ٹیموں سے میچ کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ کینبرا کے گورنر نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو خصوصی طور پر مدعو کیا کہ وہ ورلڈ کپ سے ایک ماہ پہلے وہاں پریکٹس کرے اس کے علاوہ آئی سی سی نے بھی ورلڈ کپ سے پہلے ان کے لیے آسٹریلیا کا دورہ رکھا ہے۔

کبیرخان نے کہا کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو مستقل بنیادوں پر بیٹنگ کوچ کی ضرورت ہے تاہم اس کا انحصار مالی وسائل اور کوچ کی طویل مدت دستیابی پر ہے۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں کیمپ لگانے کا مقصد یہ ہے کہ کراچی اور کوالالمپور کے موسم ایک جیسے ہیں۔ ان کی ٹیم اے سی سی ٹرافی کے لیے کوالالمپورمیں کیمپ لگانا چاہتی تھی جہاں یہ ایونٹ ہورہا ہے لیکن اس کی اجازت نہیں ملی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اے سی سی ٹرافی کے بعد 20 کھلاڑیوں کا ایک پول تشکیل دے دیا جائے گا جس سے ورلڈ کپ کی ٹیم منتخب کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :