بیروزگاری کے مسائل پر قابو پانے کیلئے فنی تعلیم کو فروغ دینے کی اشدضرورت ہے ،راجہ جاوید اخلاص ،آنے والے سالانہ میزانیے میں وفاق اور پنجاب کی سطح پر فنی تعلیم کے نئے اداروں کے قیام کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائینگے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے کیبنٹ ڈویژن

منگل 15 اپریل 2014 20:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے کیبنٹ ڈویژن راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ بے روزگاری کے مسائل پر قابو پانے کیلئے فنی تعلیم کو فروغ دینے کی اشدضرورت ہے جس پر مسلم لیگ ن کی حکومت بھر پور توجہ دے رہی ہے اور آنے والے سالانہ میزانئیے میں وفاق اور پنجاب کی سطح پر فنی تعلیم کے نئے اداروں کے قیام کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے ․ گوجر خان کے پسماندہ علاقے مندرہ میں اعلی ترین عام اور فنی تعلیم کے فروغ کی کاوشوں پر انجمن فیض الاسلام کے ادارے داد و تحسین اور صاحب حیثیت لوگوں کے تعاون کے مستحق ہیں ․ حکومت انجمن فیض الاسلام کو سوئی گیس کی جلد از جلد فراہمی کے علاوہ اس کے دیگر مسائل کے حل پر بھی توجہ دے گی ․ انہو ں نے ان خیالات کا اظہار یوم پاکستان اور یوم تاسیس انجمن فیض الاسلام کے مناسبت سے انجمن کے مندرہ کیمپس میں منعقدہ سائنسی و فنی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جس میں سائنسی ، انجنئرنگ و دیگر علوم کے بارے میں انجمن کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اپنی تخلیقات نمائش کیلئے رکھی تھیں ․ اس موقع پر نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر انعام الرحمن ، انجمن کے صدر میاں محمد صدیق اکبر ، سنئیر نائب صدر پروفیسر عزیز احمد ہاشمی ، نائب صدر ڈاکٹر ایم ڈی خان ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان، پروفیسر نیاز عرفان ، منصور احمد ، مسز تسلیم منصور، سنئیر صحافی راجہ جاوید بھٹی اور اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ․ راجہ جاوید اخلاص نے نمائش میں رکھے گئے مختلف سائنسی و فنی ماڈلز کو دلچسپی کے ساتھ دیکھا اور انجمن کے طلبہ سے ان کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں ․ انہوں نے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو عام علوم کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی و فنی علوم سے آراستہ کرکے قومی تعمیر نو میں فعال کردار کی ادائیگی کا حامل بنانا انجمن فیض الاسلام کا ایسا کارنامہ ہے جو ہم سب کیلئے قابل تقلید ہے ․ انہوں نے انجمن کے سنئیر نائب صدر پروفیسر عزیز احمد ہاشمی سے کہا کہ وہ ان علوم کے اعلی ترین معیار اور فروغ کیلئے جدید تدریسی سہولیات کے بارے میں اپنی ضروریات پر مبنی ایک مفصل رپورٹ انہیں پیش کریں تاکہ وہ وفاقی حکومت اور وزیر اعلی پنجاب سے انجمن فیض الاسلام کے ان اداروں کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کی منظوری حاصل کر سکیں ․ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ انجمن فیض الاسلام کی رہائشی و تعلیمی اداروں میں سندھ ، بلوچستان اور شمالی علاقوں کے طلبہ کی اچھی خاصی تعداد فیض یاب ہو رہی ہے اور یوں یہ ادارہ پورے پاکستان کے بے وسیلہ بچوں کا سہارا بنا ہوا ہے ․ اس موقع پر صدر انجمن میاں محمد صدیق اکبر نے راجہ جاوید اخلاص کو بتایا کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں اعلی معیار کے ساتھ بچوں کو نہ صرف تعلیم دے رہے ہیں بلکہ ان کی شخصیت و کردار سازی پر بھی پوری توجہ دی جاتی ہے جس میں انہیں اسلامی تعلیمات و اقدار سے مکمل آگاہی دینے کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :